رٹھوعہ ہریام پل ضلع میرپور کی عوام کے لیے 20 سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود اس منصوبہ کا مکمل نہ ہونا لمحہ فکریہ ، راجہ محمد یاسین
اسلام گڑھ(جاوید اقبال بٹ سے) برطانوی ممبر پارلیمنٹ راجہ محمد یاسین نے کہا کہ رٹھوعہ ہریام پل ضلع میرپور کی عوام کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، 20 سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود اس منصوبہ کا مکمل نہ ہونا لمحہ فکریہ ہے، وزیر اعظم پاکستان سے ملاقات میں میں نے اس منصوبہ کو اٹھایا، رٹھوعہ ہریام برج کے تکمیل کے حوالے سے مجھ سے جو بھی ہوسکا کرونگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے چنار پریس کلب اسلام گڑھ کے دورہ کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سماجی و سیاسی شخصیت راجہ مقصود حسین بھی ان کے ہمراہ تھے۔ راجہ محمد یاسین نے کہا کہ میں اس دھرتی کا رہنے والا ہوں اور مجھے یہاں سے والہانہ لگاو ہے۔ میری ہمیشہ سے ہی یہ خواہش رہی ہے کہ اس علاقہ میں تعمیر و ترقی ہو۔ انہوں نے کہا کہ رٹھوعہ ہریام پل یہاں کی عوام کا درینہ مطالبہ ہے جو بیس سال گزرنے کے باوجود مکمل نہ ہوسکا۔ اس منصوبہ کے ساتھ عوام کا جذباتی لگاو ہے۔
اس کے عدم تکمیل سے عوام میں اضطرابی کیفیت پائی جاتی ہے۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں میں نے اس منصوبہ کے حوالے سے بات کی۔ وزیر اعظم پاکستان نے یقین دہانی کروائی کہ وہ اس حوالے سے اس کے تعطل کا شکار ہونے کی وجوہات کا جائزہ لے کر معاملات کو یکسو کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ تارکین وطن کی کثیر تعداد جو ضلع میرپور سے تعلق رکھتے ہیں
جلد از جلد اس منصوبہ کو مکمل دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چنار پریس کلب اسلام گڑھ نے ہمیشہ عوامی مسائل کو اجاگر کیا ہے۔ میں برطانیہ میں بھی ان کی خبروں کو پڑھتا ہوں اور مجھے خوشی ہوتی ہے کہ صحافی برادری علاقہ کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کررہی ہے۔