یونیسیف کے تعاون سے6 روزہ تربیتی کورس اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے معاون ثابت ہوگا
کوئٹہ ( پ ر) گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن کوئٹہ ڈویژن کے جنرل سیکریٹری عظلت اللہ رئیسانی نے کہا ہے کہ یونیسیف کے تعاون سے پائٹ سی پی ڈی کا 6 روزہ تربیتی ریفریشر کورس انتہائی خوش آئند اقدام ہے دور جدید کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ضروری ہے کہ تعلیمی شعبہ کو جدید خطوط پر اُستوار کرنے کیا جائے اور اساتذہ کو جدید تدریسی طریقوں کے مطابق ریفریشر کورسز کروائے جائیں
اس ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے جو کورس کروایا گیاہے اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں معاون ثابت ہوگا اُنہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ سے جاری کورسز میں 275 سے زائد خواتین اساتذہ نے تربیت حاصل کی ہے اور توقع ہے کہ خواتین و مرد اساتذہ دوران تدریس ان تمام جدید تعلیمی طریقوں کو استعمال میں لائیں گے جو اُنہوں نے ریفریشر کورسز کے دوران سیکھے ہیں اُنہوں نے مزید کہا خواتین کے سکولوں میں موثر تدریس کے لیے ریفریشر میں خواتین اساتذہ کی دلچسپی اس بات کا ثبوت ہے
کہ مستقبل میں خواتین کے سکولوں میں دور جدید کے تقاضوں کے مطابق تدریسی طریقے اپنائے جائیں گے اُنہوں نے ا س بات پر زور دیا کہ سرکاری سکولوں میںجدید تدریسی لوازمات کی فراہمی یقینی بنانا انتہائی ضروری ہے تاکہ کورسز میں سیکھے گئے تدریسی طریقوں کو استعمال میں لاکربہتر سے بہتر انداز میں طلباء و طالبات کی تعلیمی تربیت کی جاسکے اُنہوں نے توقع ظاہر کی کہ پائٹ ،سی پی ڈی اور یونیسیف آئندہ بھی ایسے کورسز کا انعقاد ممکن بنا ئیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ اساتذہ مستفید ہوسکیں۔