بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات پوچھنے والے جعلسازوں نے ڈی جی ایف آئی اے کو بھی نہ بخشا
بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات پوچھنے والے جعلسازوں نے ڈی جی ایف آئی اے کو بھی نہ بخشا
بینکوں کے نمائندے بن کر فون کال پر بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات پوچھنے والے جعلسازوں نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل کو بھی نہ بخشا۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ میں ایف آئی اے حکام نے کہاکہ ڈی جی ایف آئی اے کو بھی جعلی کال آئی ہیں۔
کمیٹی چیئرمین محسن عزیز نے کہا کہ ان سے بھی جعلی کال پر بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات مانگی گئی ہیں، معاملے کی تحقیقات کرکے ذمہ داروں کو سزا دیں، ان کے نام پبلک کریں۔
محسن عزیز کی زیر صدرات سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے حیسکول پٹرولیم کی تحقیاتی رپورٹ ایک ماہ میں مکمل کر کے رپورٹ کمیٹی کو پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سفارش کی کہ اسکینڈل میں ملوث افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں۔
ڈی جی ایف آئی اے نے بتایا کہ شفافیت کو برقرار رکھا جاتا ہے، سورس رپورٹ پر انکوائری کروانا بند کروا دی ہے، نادرا کے جعلی شناختی کارڈ کے معاملے میں آئی ایس آئی نے بہت مدد کی،لوگوں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔
قائمہ کمیٹی نے جعلی شناختی کارڈ بنانے میں ملوث افراد کی تفصیلات طلب کر لیں۔کمیٹی نے صومالیہ کی شہری خاتون کو ڈی پورٹ احکامات ہونے کے باوجود ویزے میں ایک سال کی توسیع کی تفصیلات بھی طلب کرلیں۔
کمیٹی اجلاس میں، سینیٹر اعظم نظیر تارڑ نے کہا کہ صحافیوں کو ہراساں کرنے کی شکایات آرہی ہیں، صحافی ملکی بگاڑ سے آگاہی دیتے ہیں، صحافیوں کو نوٹس بھیج کر بلا لیا جاتا ہے، ایف آئی اے صحافیوں کے بارے میں گوشہ نرم کریں، ڈی جی ایف آئی اے نے کہا کہ صحافیوں کا معاملہ بہت اہم ہے ، قانون سب کے لیے برابر ہے، ایف آئی اے شکایت پر تحقیقات کرتا ہے۔