وزارت داخلہ کا کالعدم تنظیم کے سوشل میڈیا ہینڈلرز کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم
وزارت داخلہ کا کالعدم تنظیم کے سوشل میڈیا ہینڈلرز کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم
وفاقی وزارت داخلہ نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سوشل میڈیا ہینڈلرز کے خلاف کریک ڈاؤن کے احکامات جاری کردیے۔
وفاقی حکومت نے گزشتہ کئی روز سے دھرنا دینے والی کالعدم تنظیم تحریک لبیک پاکستان سے عسکریت پسند تنظیم کے طور پر نمٹنے اور ان کے خلاف آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ جو یوٹیوب اور سوشل میڈیا پر کمپین کررہے ہیں وہ اپنے رویوں پر نظرثانی کرلیں، فیک نیوز کے کلچر کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھاکہ بھارت اور کچھ دیگر ممالک سے فیک نیوز پھیلانے والوں کو مدد مل رہی ہے ہم ان کے خلاف کارروائی کریں گے۔
اس کے ساتھ ہی وفاقی وزارت داخلہ نے کالعدم ٹی ایل پی کے سوشل میڈیا ہینڈلرز کے خلاف کریک ڈاؤن کے احکامات جاری کردیے ہیں۔
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے ذرائع کے مطابق آج سےکالعدم تنظیم کے سوشل میڈیا ہینڈلرز کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔