حکومت اور تحریک لبیک حالات کو آگ اور خون کی جانب مت دھکیلیں , رحمان ملک
اسلام آباد ( سردار طیب خان) سابق وفاقی وزیر داخلہ و سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ حکومت اور تحریک لبیک حالات کو آگ اور خون کی جانب مت دھکیلیں ۔ اگر حکومت نے مدبرانہ طریقے سے کام نہ لیا تو آئندہ چند روز میں بڑے پیمانے پر خون خرابے کا امکان ہے۔ اگر حکومت کو ٹی ایل پی کے ساتھ بات چیت میں کوئی مسئلہ نہیں ہے تو اس ایشو کو حل کر لینا چاہیے۔۔ ٹی ایل پی کوئی دہشتگرد تنظیم نہیں ہے اور نہ ہی الیکشن کمیشن نے اس جماعت پر پابندی عائد کی ہوئی ہے جبکہ اس تنظیم کی نمائندگی صوبائی اسمبلی میں موجود ہے ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا تحریک لبیک پاکستان کے ساتھ مقابلہ کسی صورت ان حالات میں ملک کے لیے سود مند نہیں ہے۔ ایسےرینجرز کو بھی پولیس کے اختیارات کے ساتھ بلایا گیا ہے اگر تدبیر کے ساتھ کام نہ لیا گیا تو ٹی ایل پی اور قانون نافز کرنے والے اداروں کے مابین تصادم بڑھے گا۔ پاکستان کو بدامنی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے جہاں معاشی صورتحال پہلے ہی خراب اور روپیہ تیزی سے گر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں بروقت دونوں فریقین کو متنبہ کرنا چاہتا ہوں کہ وہ اس معاملے کے حل کی جانب بڑھیں اور حالات کو آگ اور خون کی جانب مت دھکیلیں ۔