کوٹلی، بھارتی مداخلت اور قبضے کے خلاف یوم سیاہ پر لبریشن فرنٹ کے کوٹلی، باغ اور بھمبر میں احتجاجی مظاہرے 252

کوٹلی، بھارتی مداخلت اور قبضے کے خلاف یوم سیاہ پر لبریشن فرنٹ کے کوٹلی، باغ اور بھمبر میں احتجاجی مظاہرے

کوٹلی، بھارتی مداخلت اور قبضے کے خلاف یوم سیاہ پر لبریشن فرنٹ کے کوٹلی، باغ اور بھمبر میں احتجاجی مظاہرے

کوٹلی، باغ، کوٹ جیمل( بیوروچیف)کوٹلی، باغ، کوٹ جیمل. ریاست جموں کشمیر میں 27اکتوبر 1947ء میں کی جانے والی بھارتی مداخلت اور قبضے کے خلاف یوم سیاہ پر لبریشن فرنٹ کے کوٹلی، باغ اور بھمبر میں احتجاجی مظاہرے۔کوٹلی میں انتظامیہ کی طرف سے اُٹھائے گئے لٹریچر کی واپسی کیلئے لبریشن فرنٹ کے کارکنان کا دھرنا مسلسل 11ویں روز بھی جاری رہا۔عالمی برادری بھارتی ظلم و بربریت کے خاتمے اور ریاست کی مکمل آزادی کی بحالی میں ریاست کے عوام کی مدد کرے۔

ریاست جموں کشمیر کے لوگ بیرونی قبضے کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ یسین ملک، شبیر احمد شاہ، ظہور احمد بٹ اور دیگر قیدیوں کو رہا کیا جائے۔بھارت اور پاکستان ریاست کی بندر بانٹ چاہتے ہیں جو ریاست کے عوام کو ہر گز قبول نہیں۔لبریشن فرنٹ آزاد،خودمختار، سیکولر، جمہوری اور خوشحال ریاست جموں کشمیر کے قیام کیلئے اپنی جودوجہد جاری رکھے گا۔کوٹلی میں لبریشن فرنٹ کا اٹھایا گیا لٹریچر واپس کیا جائے۔ لٹریچر کی واپسی تک احتجاج جاری رہیگا۔احتجاجی مظاہروں سے زونل صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی، جہانگیر مرزا، توصیف جرال، ممبران سپریم کونسل خورشید مرزا، شکیل چودھری، ضلعی صدر باغ غلام اکبر طاہرہ توقیر، زبیر قریشی و دیگر کا خطاب۔


تفصیلات کے مطابق ریاست جموں کشمیر پر 27اکتوبر 1947ء کی بھارتی یلغار، بھارتی فوجی قبضے اور بھارتی مقبوضہ جموں کشمیر میں جاری ظلم و بربریت کے خلاف یومِ سیاہ کے موقع پر جموں کشمیر لبریشن فرنٹ و سٹوڈنٹس لبریشن فرنٹ کے کارکنان نے کوٹلی، باغ اور بھمبر میں احتجاجی جلوس نکالے۔ کوٹلی میں زونل صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی، لیاقت ملک، شکیل چودھری،

سردار مشتاق، ساجد شاہ، اشتیاق کاشر، سردار افراز، اشفاق جعفری، طاہرہ توقیر، راجہ ناظم، چودھری اشرف اور دیگر کی قیادت میں شہید چوک سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے شرکاء نے بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف، کوٹلی انتظامیہ کی طرف سے لبریشن فرنٹ کا لٹریچر اٹھانے کے خلاف،یٰسین ملک و دیگر اسیران کی رہائی اور ریاست کی مکمل آزادی کے حق میں شدید نعرے بازی کی۔ریلی میں کشمیر فریڈم موومنٹ کے کارکنان نے بھی سردار اشتیاق و دیگر کی قیادت میں شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے کوٹلی شہر کا چکر لگایا اور شہید چوک میں اجتماع منعقد کیا جس سے خطاب کرتے ہوئے لبریشن فرنٹ کے

زونل صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی، ممبر سپریم کونسل شکیل چودھری، طاہرہ توقیر، سردار مشتاق، سردار اشتیاق، امجد سیاب، اعزاز گیلانی،زبیر قریشی اور دیگر مقررین نے 27اکتوبر 1947ء کی بھارتی فوجی یلغار اور ریاست کے ایک بڑے حصے پر غیر قانونی بھارتی قبضے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں موجود 9لاکھ بھارتی فوج نے گزشتہ تہتر سال میں ریاست میں انسانیت کے خلاف جرائم کی تاریخ رقم کی ہے۔ بھارت کا ریاست پر قبضہ غیر قانونی اور شرمناک جنگی جرائم کی داستان کے سوا کچھ نہیں۔ گزشتہ دو سال میں قابض بھارتی افواج نے ظلم و بربریت کی انتہا کر دی ہے اور یٰسین ملک و دیگر آزادی پسند زعما و نوجوانوں کو حراست میں رکھ کر ریاست میں جملہ بنیادی انسانی حقوق کو معطل کر رکھا ہے۔ ڈاکٹر توقیر گیلانی نے کہا

کہ بھارت جتنا مرضی ظلم کر لے ریاست جموں کشمیر کے عوام اپنی چھینی گئی آزادی واپس حاصل کر کے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لبریشن فرنٹ ایک آزاد، خودمختار،سیکولر، جمہوری اور خوشحال جموں کشمیر کے قیام کیلئے اپنی جدوجہد مزید تیز کریگا اور ریاست کی تمام اکائیوں میں بسنے والے ہر مذہب، رنگ، نسل اور زبان کے باشندگان ریاست کو انکی مقبوضہ اور منقسم ریاست کی بحالی کی جدوجہد میں شریک کرتے ہوئے پاک بھارت انخلاء اور مکمل آزادی کی منزل کا حصول ممکن بنائے گا۔ڈاکٹر توقیر گیلانی نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ پاک بھارت فوجی و سویلین انخلاء یقینی بنائے اور ریاست میں انسانی حقوق کی

پامالیوں کو بند کروائے۔ڈاکٹر توقیر گیلانی نے کوٹلی انتظامیہ کی طرف سے لبریشن فرنٹ کا لٹریچر اٹھانے کو تقسیم ریاست کے پاک بھارت گٹھ جوڑ سے جوڑتے ہوئے واضح کیا کہ لبریشن فرنٹ کسی قیمت پر نہ تو تقسیم ریاست کے ایجنڈے کو کامیاب ہونے دیگا اور نہ ہی ہم کسی ریاستی جبر یا ہتھکنڈے سے مرعوب ہو نگے۔انہوں نے کوٹلی انتظامیہ پر پھر واضح کیا کہ لبریشن فرنٹ کا اُٹھایا گیا لٹریچر واپس کیا جائے بصورت دیگر احتجاج جاری رہیگا۔ باغ میں یوم سیاہ کے موقع پر جموں کشمیر لبریشن فرنٹ و سٹوڈنٹس لبریشن فرنٹ کے کارکنان نے پریس کلب باغ کے سامنے احتجاج کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے زونل جنرل سیکریٹری جہانگر مرزا، ضلعی صدر غلام اکبر، ممبر سپریم کونسل خورشید مرزا، راہنما ایس ایل ایف سردار

شعیب اور دیگر نے بھارتی مقبوضہ جموں کشمیر میں جاری ظلم و بربریت کی مذمت کرتے ہوئے لبریشن فرنٹ کے اسیر چیئرمین محمد یٰسین ملک اور دیگر کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ مقررین نے ریاست جموں کشمیر سے بھارت اور پاکستان کی افواج کے بیک وقت اور مکمل انخلاء کا مطالبہ کیا۔ مقررین نے کوٹلی انتظامیہ کے خلاف بھی نعرے بازی کی اور لبریشن فرنٹ کے اٹھائے گئے لٹریچر کی واپسی کا مطالبہ کیا،کوٹ جیمل اور موئل، بھمبر میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ و سٹوڈنٹس لبریشن فرنٹ کے کارکنان نے یوم سیاہ کے موقع پر احتجاجی ریلیاں نکالی۔ ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے لبریشن فرنٹ کے زونل سینئر نائب

صدر توصیف جرال ایڈوکیٹ، احمد شکیل راجپوت، فرحان راجہ اور دیگر نے بھارتی قبضے اور ظلم و بربریت کو انسانیت کے خلاف جرائم قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ریاست جموں کشمیر کے عوام کی مدد کرے۔مقررین نے واضح کیا کہ قابضین کے ظلم و بربریت اور جبر و تشدد کے ہر حربے کے باوجود ریاست جموں کشمیر کے عوام اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور بھارت و پاکستان سے اپنی چھینی گئی آزادی واپس لیں گے۔ مقررین نے کوٹلی انتظامیہ کی طرف سے اٹھائے گئے لٹریچر کی فوری واپسی کا مطالبہ کیا اور انتظامیہ پر واضح کیا کہ لٹریچر کی واپسی تک لبریشن فرنٹ کے کارکنان آزاد کشمیر بھر میں احتجاج کرتے رہیں گے۔۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں