ٹھٹھہ اسپیشل ایجوکیشن اینڈ ریہبلیٹیشن سینٹر مکلی میں معذوروں میں ویل چیئرز کی تقسیم
ٹھٹھہ(امین فاروقی بیوروچیف ٹھٹھہ)وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بحالی خصوصی افراد صادق علی میمن نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی پالیسی کا کوئی پتہ ہی نہیں چلتا سارے نااہل بیٹھے ہیں جیساکہ وفاقی حکومت کا عوام سے کوئی تعلق ہی نہیں، ایک دم دس دس روپے پیٹرول کی مد میں بڑھا دیتے ہیں جس سے گھی، آٹا، چینی سمیت ہر چیز مہنگی ہو جاتی ہے اور غریب عوام جوکہ پہلے ہی پسے ہوئے ہیں ان کے اوپر ایک اور مہنگائی کا بم گرایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے خلاف پ پ چیئرمن بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر پورے ملک میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے
جبکہ کل صوبہ سندھ کے ہر شہر میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی مطاہرے اور دھرنے دیئے جائیں گے اور اس سے جو آواز نکلے گی اور جو پریشر پڑے گا وہ اسلام آباد میں بیٹھے جو اپنے آپ کو بڑے کھلاڑی اور فلاسافر سمجھتے ہیں ان کو ہلا کر رکھ دیگا۔ ان خیالات کا اظہار آج انہوں نے اسپیشل ایجوکیشن اینڈ ریہبلیٹیشن سینٹر مکلی میں اوورسیز پاکستانی ڈاکٹروں کے تعاون سے ناؤ پی ڈی پی کی جانب سے 25 معذوروں میں ویل چیئرز تقسیم کرنے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ایسے منصوبے بنا رہے ہیں جس کے تحت خصوصی اداروں کو اپ گریڈ کرکے جلد اساتذہ کو تربیت دی جائے گی تاکہ خصوصی طلبہ و طالبات کو بہتر تعلیم و تربیت مہیا کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا فوکس شہروں کے ساتھ ساتھ دیہات پر بھی ہے تاکہ وہاں موجود خصوصی افراد کو بھی اچھی تعلیم و تربیت کی فراہمی ہو سکے تاکہ خصوصی افراد کو بھی روزگار کے بہتر مواقع فراہم ہو سکیں، انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے 2018ء میں خصوصی افراد کو پانچ فیصد نوکریوں کی فراہمی کے متعلق بل پاس کیا گیا جوکہ اب قانون بن چکا ہے جس پر عملدرآمد جاری ہے
۔ قبل ازیں معاون خصوصی صادق علی میمن نے اسپیشل ای؛جوکیشن اینڈ ریہبلیٹیشن سینٹر ٹھٹہ کے مختلف شعبہ جات اور کلاس رومز کا معائنہ کیا اور خصوصی بچوں سے اشاروں کے ذریعے بات چیت کی اور سوال جواب بھی کئے جس پر خصوصی بچوں کی بہتر تربیت پر اساتذہ اور پرنسپل کی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر صدر پ پ تحصیل ٹھٹہ عبدالحمید سومرو، پ پ رہنماء پیر غلام رحمانی جیلانی، محمد سلیم گندرو، پ پ یوتھ کے ضلعی صدر حیدر سموں، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ بحالی خصوصی افراد ضلع ٹھٹہ اعجاز احمد سولنگی، پرنسپل اسپیشل ایجوکیشن اینڈ ریہبلیٹیشن سینٹر ندیم ابراہیم، ناؤ پی ڈی پی کے ایگزیکیوٹو ڈائریکٹر عمیر، ضلعی اطلاعات آفیسر ٹھٹہ رفیق احمد سولنگی و دیگر بھی موجود تھے۔