سائبر حملےکے بعد سسٹم بحالی آپریشن کامیابی سے جاری ہے، اعلامیہ نیشنل بینک
نیشنل بینک آف پاکستان کا کہنا ہےکہ سائبر حملے کے بعد سسٹم بحالی آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔
نیشنل بینک کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق بینک کی ایک ہزار برانچوں نے معمول کے مطابق خدمات انجام دیں، رواں ہفتے بقیہ برانچوں کی بحالی کا کام مکمل کرلیا جائےگا۔
خیال رہےکہ نیشنل بینک کے اعلامیےکے مطابق 29 اکتوبر کی رات اور 30 اکتوبر کی صبح کے درمیان نیشنل بینک کے سرور پر سائبر حملہ کیا گیا تھا، سائبر حملے سے بینک خدمات کا سلسلہ جزوی طور پر متاثر ہوا، متاثرہ سسٹم کو بروقت الگ کر دیا گیا، بینک کو کسی قسم کے ڈیٹا یا مالیاتی نقصان کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے خزانہ شوکت ترین نے ایف بی آر اور نیشنل بینک کے بعد مزید سائبر حملوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ ہمارے پڑوس میں بیٹھا دشمن یہ حملے کررہا ہے۔