وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد۔1نومبر (طیب خان):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پنجاب میں میئر کے انتخابات براہ راست ہوں گے، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ پر تشویش ہے، توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لئے حکمت عملی تیار کر رہے ہیں، وزیراعظم ایک دو روز میں مہنگائی کے حوالے سے پیکیج کا اعلان کریں گے، ایک کروڑ سے زائد آبادی اس پیکیج سے براہ راست مستفید ہوگی، اعظم سواتی اور میرے خلاف الیکشن کمیشن کے نوٹسز بے بنیاد اور ناانصافی پر مبنی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس میں مہنگائی اور خیبر پختونخوا و پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے دو بنیادی ایجنڈوں پر بات ہوئی، وزیراعظم ایک دو روز میں مہنگائی کے حوالے سے ایک بڑے پیکیج کا اعلان کریں گے جس کے نتیجے میں ایک کروڑ سے زائد آبادی مستفید ہوگی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمیں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ پر تشویش ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم توانائی کے بحران سے نمٹنے کی حکمت عملی اختیار کر رہے ہیں۔ پنجاب میں مقامی حکومتوں کے انتخابات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مقامی حکومتوں کے انتخابات براہ راست ہوں گے، وزیراعظم اور کور کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ پنجاب میں شہروں اور اضلاع کے میئرز کے انتخابات براہ راست ہوں گے، وزیراعظم نے پہلے دن سے ڈائریکٹ ڈیموکریسی کا وعدہ کیا تھا، اس ضمن میں تیاری حتمی مراحل میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے پوری پارٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقامی حکومتوں کے انتخابات کے لئے متحرک ہوں، پنجاب کے اضلاع میں نامزدگی کا سلسلہ شروع کر رہے ہیں،
اسی طرح خیبر پختونخوا میں مقامی حکومتوں کے انتخابات کے لئے مہم شروع ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے اعظم سواتی اور میرے اوپر نوٹس زیادتی پر مبنی ہے جسے فوری واپس ہونا چاہئے۔ اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اعظم سواتی اور چوہدری فواد حسین کو الیکشن کمیشن کی جانب سے نوٹس پر پوری کور کمیٹی نے تشویش ظاہر کی ہے، جمہوری ملکوں میں جمہوری رویئے اس طرح نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ایک دو روز میں قوم کو اقتصادی صورتحال پر اعتماد میں لیں گے اور مہنگائی کے حوالے سے پیکیج کا اعلان کریں گے۔