پنجاب کابینہ کی منظوری کے بعد ٹی ایل پی سے پابندی ہٹانے کی سمری وفاق کو ارسال
پنجاب کابینہ کی کالعدم تحریک لبیک پاکستان پر سے پابندی ہٹانے کی منظوری کے بعد سمری وفاقی حکومت کو بھیج دی گئی۔
وفاقی کابینہ کالعدم ٹی ایل پی پر پابندی ہٹانے کی حتمی منظوری دے گی، وفاقی حکومت نے پنجاب حکومت سے کالعدم تنظیم سے پابندی ہٹانے سے متعلق رائے طلب کی تھی۔
ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی منظوری کے بعد سمری کابینہ ارکان کو بذریعہ سرکلر بھجوائی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سمری کے حق میں کم ازکم 18 وزراء کی حمایت درکار تھی، وزراء کی مطلوبہ تعداد نے سرکولیشن سمری پر پابندی ہٹانےکی منظوری دی۔ پنجاب کابینہ کی تحریری سفارشات ملنے کے بعد اب وفاقی حکومت اگلا قدم اٹھائےگی۔
خیال رہے کہ چند روز قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر مملکت علی محمد خان کی سربراہی میں حکومتی ٹیم نے تحریک لبیک پاکستان کے معاملے پر مفتی منیب الرحمان سمیت دیگر علما سے مذاکرات کیے تھے۔
فریقین کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے نتیجے میں طے پانے والے معاہدے کی روشنی میں اب تک 2000 سے زائد ٹی ایل پی کارکنان کو رہا کیا جا چکا ہے جبکہ ٹی ایل پی نے مختلف شہروں میں جاری دھرنے ختم کر دیے ہیں البتہ وزیرآباد میں کچھ کارکن موجود ہیں جو معاہدے پر مکمل عمل درآمد تک وہیں قیام کا ارادہ رکھتے ہیں۔