125

اسلام آباد پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سیاسی، معاشی اور تذویراتی تعلقات قائم ہیں، وفاقی وزیر

اسلام آباد پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سیاسی، معاشی اور تذویراتی تعلقات قائم ہیں، وفاقی وزیر

اسلام آباد۔4نومبر (طیب خان):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مشترکہ عقیدے پر مبنی سیاسی، معاشی اور تذویراتی تعلقات قائم ہیں، عالمی سطح پر ان تعلقات کو اہم حیثیت حاصل ہے، سعودی عرب اور ہمارے تعلقات قیام پاکستان سے قبل 1940ءسے قائم ہونا شروع ہوئے اور 1947ءمیں قیام پاکستان کے بعد ان تعلقات نے نئی جہت اختیار کرنا شروع کی، شاہ سلمان ریلیف فنڈ کے ذریعے فلاحی کام قابل تحسین ہیں، ونٹر ریلیف پراجیکٹ سے غریب طبقہ مستفید ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو سعودی سفارت خانہ میں کنگ سلمان ہیومنٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی طرف سے ونٹر ریلیف پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کی مدد کی، 2005ءکے زلزلہ میں سعودی عرب نے 10 ملین ڈالر کا عطیہ کیا، 2008-09ءمیں سیلاب کے دوران سعودی عرب کی جانب سے 170 ملین ڈالر اور 2014ءمیں اکنامک ریلیف کے لئے 1.5 ملین ڈالر کا ریلیف پیکیج دیا گیا،

1960ءسے سعودی عرب پاکستان کا سب سے بڑا ڈونر ملک ہے۔ سعودی عرب نے 38 ملین ڈالر ڈیزاسٹر ریلیف کے لئے فراہم کئے، ہائوسنگ منصوبے کے لئے 55 ملین ڈالر، سکولوں کے لئے پانچ ملین ڈالر، مساجد کے لئے 13 ملین ڈالر کے عطیات دیئے۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں 11271 مکانات تعمیر کئے گئے، 9800 افراد اس منصوبے سے مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات عشروں پرانے ہیں اور وقت کے ساتھ ساتھ یہ تعلقات نئی جہت اختیار کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کا ہر شہری سعودی عرب کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کنگ سلمان ہیومنٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی جانب سے شروع کئے جانے والے ونٹر ریلیف پراجیکٹ سے بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے پسماندہ علاقوں کے مستحقین مستفید ہوں گے۔ واضح رہے کہ کنگ سلمان ہیومنٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سنٹر کی جانب سے ونٹر ریلیف پراجیکٹ کا آغاز کیا گیا ہے جس کے تحت 29 ہزار کٹس پسماندہ علاقوں کے عوام میں تقسیم کی جائیں گے۔ اس پراجیکٹ سے 2 لاکھ 90 ہزار غریب افراد مستفید ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں