وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کی سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر احسن بھون کی قیادت میں وفد سے ملاقات
اسلام آباد۔6نومبر (طیب خان):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ قومی معاملات اور آئین و قانون کی بالادستی کے لئے وکلاءبرادری رہنمائی کرے، بار ایسوسی ایشنز سیاسی جماعتوں کو بڑی اصلاحات پر قریب لانے میں کردار ادا کر سکتی ہیں، انتخابی اصلاحات، نیب آرڈیننس سمیت دیگر اہم قانون سازی میں وکلاء اور بار ایسوسی ایشن کے کردار کا خیر مقدم کریں گے، نیب آرڈیننس کو چیلنج کرنے کی بجائے اصلاحات تجویز کریں، بار اور بینچ کے درمیان وکلاءپل کا کردار ادا کرتے ہیں، اس کردار کو قومی معاملات میں بھی اپنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر احسن بھون کی قیادت میں نومنتخب عہدیداران سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا
کہ معاشرے میں قانون کی بالادستی کے لئے وکلاءبرادری کو اپنا کردار ادا کرتے رہنا چاہیے، بار ایسوسی ایشنوں کو عدلیہ میں زیر التواء مقدمات جلد نمٹانے کے لئے اپنی کاوشیں بروئے کار لانا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کے بغیر ترقی یافتہ معاشرے کا قیام ممکن نہیں، ہم وکلاءبرادری کو درپیش مسائل حل کریں گے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وکلاءبرادری کی فلاح بہبود ہماری اولین ترجیح ہے، حکومت اس ضمن میں ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران کو حالیہ انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی اور اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری محمد احسن بھون نے کہا کہ عدلیہ کی بقاکے لئے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے،
وکلاءبرادری نے ہم پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، انشاءاللہ اس پر پورا اتریں گے، اہم عدالتی اصلاحات کی ضرورت ہے، حکومت اور اپوزیشن سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر بڑی اصلاحات کیلئے آگے بڑھیں۔ ملاقات کرنے والے وفد میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری محمد احسن بھون، نائب صدر (پنجاب) خاور اکرام بھٹی، سیکریٹری وسیم ممتاز ملک، چوہدری ریاست علی گوندل ایڈیشنل سیکریٹری، نائب صدر (سندھ) عزیز احمد خان، اراکن ایگزیکٹو کمیٹی (سندھ) جان علی جونیجو، ذوالفقار حیدر شاہ، اراکین ایگزیکٹو کمیٹی (پنجاب) رانا اختر علی، چوہدری طارق جاوید شامل تھے۔