‘سندھ حکومت شوگر ملز سےگٹھ جوڑکرکے چینی مہنگی نہ کرے’
وفاقی وزیر حماد اظہر نےکہا ہےکہ سندھ حکومت شوگر ملز سےگٹھ جوڑ کرکے چینی مہنگی نہ کرے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حماد اظہر کا کہنا تھا کہ سندھ میں شوگرملز کا بوائلر چلا کربندکر دیا گیا، ہمارے پاس ان شوگر ملز کے نام بھی ہیں جنہوں نے بوائلر بند کیے، شوگر ملز کے خلاف ایف آئی آر درج اور 50 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔
حماد اظہرکا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے خلاف سازش کریں پر عوام کو مشکل میں نہ ڈالیں، سندھ میں اکتوبر میں جو ملز چل جاتی ہیں اب تک نہیں چلیں، پنجاب میں 15 نومبر تک ملز نہ چلیں تو قانون حرکت میں آئے گا۔
وفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ ایک لاکھ ٹن درآمدی چینی مارکیٹ میں لائی جارہی ہے، درآمدی چینی 90 روپےکلو ملے گی،گزشتہ سال سندھ میں گنےکی کرشنگ میں تاخیر سے مسائل ہوئے، سندھ حکومت نے گزشتہ سال گندم کے اجرا میں بھی تاخیر کی، رواں سال سندھ حکومت پھر سےگنےکی کرشنگ میں تاخیر کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں کرشنگ میں تاخیر کرکے اربوں روپےکی سبسڈی لی جاتی رہی ہے، مسابقتی کمیشن کئی بار شوگر ملز کارٹل پر تحفظات کا اظہار کرچکا ہے، مسابقتی کمیشن کو اس قابل بنایا ہےکہ وہ جرمانے کرسکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کوئی تو ایسی کشش ہےکہ دیگرکاروبار میں ناکام خاندان بھی شوگر کےکاروبارمیں آگئے، ہر سال گٹھ جوڑ کرکےچینی کی درآمد رکوائی اور ڈیوٹی کم کرائی جاتی رہی، جو شوگر مل وقت پر نہیں چلائی جائےگی اس پر جرمانے ہوں گے، شوگر ملز کارٹل کے خلاف جنگ جاری ہے اور جاری رہےگی۔