یوم اقبال کوئز مقابلہ گورنمنٹ ہائی سکول اسلام گڑھ کے طلباءنے پہلی پوزیشن حاصل کی
اسلام گڑھ،،( جاوید اقبال بٹ سے) یوم اقبال کوئز مقابلہ گورنمنٹ ہائی سکول اسلام گڑھ کے طلباءنے پہلی پوزیشن حاصل کی۔کوئز مقابلہ میں ججز کے فرائض اردو کے ماہر پروفیسر طارق حسین اور پروفیسر فیصل شہزاد نے سرانجام دئیے۔مقابلہ میں حلقہ دو چکسواری کے سرکاری سکولوں کے مابین ہوا۔مقابلہ میں شامل طلباء مقابلہ جیتنے کے لیے پر اعتماد کھیلتے رہے۔تفصیلات کے مطابق نو نومبر یوم اقبال کے موقع پر سکاؤٹس ایسوسی ایشن ضلع میرپور کے زیر اہتمام حلقہ نمبر دو چکسواری اسلام گڑھ میں کوئز اور پیام خودی کا مقابلہ ہوا۔
مقابلہ میں دس ٹیموں نے حصہ لیا۔جس میں پہلی پوزیشن ہائی سکول اسلام گڑھ کے طلباءنے حاصل کی۔سکاوٹ ایسوسی ایشن کے ممبر عامر غازی نے انتہائی محنت کے ساتھ علامہ اقبال کی شخصیت پر 100سوالوں پر مشتمل سوالنامہ تیار کر رکھا تھا جس میں ہر سوال کا نمبر درج تھا بچہ اپنی مرضی سے نمبر اٹھاتا اور پھر اس سوال کا جواب دیتا۔ججز حضرات نے بہترین کام کیا۔
اسٹیج سیکرٹری کے فرائض ادارہ کے سینئر مدرس چودھری محمد انور نے سر انجام دئیے۔مدرس عامر غازی اور حبیب الرحمن نے بچوں سے سوال پوچھے۔مقابلہ کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے متعلم حیدر علی نے کیا جبکہ ہدیہ نعت سعد بشیر نے پیش کیا۔ادارہ کے صدر معلم مختار احمد نے پروگرام کی صدارت کی۔پروگرام کو آرگنائز کرنے میں ادارہ کے مدرس عمران الطاف اور پی ای ٹی ظہیر اسلام متحرک رہے۔پوزیشن لینے والے بچوں کو انعامات بھی دئیے گے۔