میرپور مقبول بٹ شہید کے ساتھی اور جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے سابق سینئر وائس چیرمین عبدالحمید بٹ مرحوم کی پہلی برسی کی تقریب منعقد
میرپور ( سٹی رپورٹر) مقبول بٹ شہید کے ساتھی اور جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے سابق سینئر وائس چیرمین عبدالحمید بٹ مرحوم کی پہلی برسی کی تقریب۔حمید بٹ مرحوم نے ساری زندگی مادر وطن کی آزادی کے نام کی۔ بھارتی مقبوضہ جموں کشمیر میں 12سال قید کاٹی اور رہائی کے بعد مرتے دم تک جدوجہد آزادی کی قیادت کی
۔مسئلہ جموں کشمیر کا واحد پرامن اور قابل عمل حل ریاست کی مکمل آزادی ہے۔ تقسیم ریاست کے ہر منصوبے کو مسترد کرتے ہیں۔یٰسین ملک کو رہا کیا جائے اور ریاست کے دونوں مقبوضہ خطوں میں انسانی حقوق کی پامالیاں بند کی جائیں۔آزادی پسند متحد ہو کر قوم کی راہنمائی کریں۔ حمید بٹ اور دیگر اسلاف کے نقشِ قدم پر چل کر انکا مشن مکمل کریں گے۔ ڈاکٹر توقیر گیلانی، شوکت مجید، قیوم راجہ، راجہ امتیاز ایڈوکیٹ، سعید اسعد، سعد انصاری اور دیگر کا تقریب سے خطاب۔
جموں کشمیر لبریشن فرنٹ میرپور کے زیرِ اہتمام مقبول بٹ شہید کے جیل کے ساتھی اور لبریشن فرنٹ کے سابق سینئر وائس چیرمین محترم عبدالحمید بٹ مرحوم کی پہلی برسی کی تقریب اکبر لائبریری میرپور میں منعقد کی گئی۔تقریب کی صدارت سیکریٹری ریٹائرڈ شوکت مجید ملک نے کی جبکہ مہمانِ خصوصی لبریشن فرنٹ کے زونل صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی تھے۔نظامت کے فرائض سعد انصاری ایڈوکیٹ نے ادا کیے
۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے مرحوم عبدالحمید بٹ کی زندگی اور جدوجہد کے مختلف پہلووں پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم راہنما نے نہ صرف اپنی زندگی کے قیمتی 12سال جدوجہد آزادی میں بھارتی جیلوں میں بسر کیے اور شہید کشمیر مقبول بٹ کے ساتھ جدوجہد میں شریک رہے بلکہ مرتے دم تک تحریکِ آزادی کی قیادت کی اور لبریشن فرنٹ کو منظم و متحد رکھنے میں کوشاں رہے۔مقررین نے کہا کہ اس وقت ریاست جموں کشمیر کی وحدت اور آزادی کے دشمن پوری طرح سرگرم ہیں
اور آزادی پسندوں کی صفوں میں نقب لگا رہے ہیں۔ ریاست کو تقسیم کرنے کے منصوبے بنائے جا رہے ہیں جبکہ روایتی سیاسی قیادت ریاست کے دونوں اطراف قابضین سے سمجھوتے کر کے ریاست کی تقسیم کی سازشوں پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے۔مقررین نے کہا کہ بھارتی حکومت کو جدوجہد آزادی کے قائد محمد یٰسین ملک اور دیگر کشمیری آزادی پسند راہنماؤں و کارکنان کو رہا کرے اور بھارتی مقبوضہ جموں کشمیر میں قتل و غارت اور ریاستی دہشت گردی بند کرے۔ انہوں نے کہا
کہ مسئلہ جموں کشمیر برصغیر اور جنوبی ایشیا میں امن و ترقی کی راہ میں حائل ہے اور اس مسئلے کا واحد پرامن اور مستقل حل ریاست جموں کشمیر کی وحدت کی بحالی اور مکمل آزادی ہے اس لیے ضروری ہے کہ بھارت اور پاکستان اپنے اپنے زیرِ قبضہ علاقوں میں انسانی حقوق کی پامالیاں روک کراور اپنی اپنی افواج کا بیک وقت اور مکمل انخلاء کر کے اس مسئلہ کو مستقل طور پر حل کریں تاکہ خطے میں پائیدار امن اور ترقی کی راہیں کھل سکیں۔مقررین نے کہا کہ آزادی کی جدوجہد کی کامیابی کیلئے
آزادی پسندوں اور ان کے ساتھ پوری قوم کا متحد ہو کر جدوجہد کرنا ناگزیر ہے۔مقررین نے کوٹلی انتظامیہ کی طرف سے لبریشن فرنٹ کا لٹریچر اٹھائے جانے کی مذمت کرتے ہوئے لبریشن فرنٹ کے تنظیمی لٹریچر کی واپسی کا مطالبہ کیا۔تقریب سے چوھدری منیر ایدوکیٹ ڈاکٹر افتخار مغل، پروفیسر بشیر چودھری،رضوان کرامت، ساجد جرال،
راجہ دانش اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔دریں اثنا کراچی میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ سبزی منڈی یونٹ کے زیرِ اہتمام عبدالحمید بٹ مرحوم کی برسی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے شرکاء نے مرحوم عبدلحمید بٹکی تحریکی و تنظیمی خدمات پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ تقریب سے لبریشن فرنٹ کے زونل نائب صدر خواجہ محمد عبداللہ ایڈوکیٹ، صدر لبریشن فرنٹ سندھ ڈویژن وحید حیات، زونل پبلسٹی بورڈ کے سربراہ ماجد خان،ایس ایل ایف کے صدر عدیل مغل، سردار عاقب اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔