اوجی ڈی سی ایل اور فاطمید فاونڈیشن کے درمیان معاہدہ
اسلام آباد ( سٹی رپورٹر) اسلام آباد آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) پٹرولیم سیکٹرمیں ایک اہم ای اینڈ پی کمپنی ہے ،جو مختلف شعبوں میں کارپوریٹ سماجی ذمہ داریاں ( سی ایس آر) کے اقدامات کے ذریعے ملک بھر میں مقامی آبادیوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لئے کوشاں ہے۔
مقامی لوگوں کی طرف سے صحت کی سہولیات کے مطالبات کو مدنظر رکھتے ہوئے او جی ڈی سی ایل نے اپنے سی ایس آر پروگرام کے تحت حالیہ سالوں میں صحت کو سب سے زیادہ اہمیت دی ہے۔ صحت کے شعبے کے چند بہترین منصوبوں، جن میں مفت میموگرافی کیمپ، فری سرجیکل آئی کیمپس، ملک بھر میں او جی ڈی سی ایل فیلڈز میں ڈسپنسریوں کے ذریعے مقامی لوگوں کیلئے مفت علاج اور ادویات کی فراہمی شامل ہے ۔
اسی سلسلے میںخیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع کے لوگوں کے لئے گزشتہ روز او جی ڈی سی ایل نے فاطمید فاونڈیشن کے ساتھ ڈیرہ اسماعیل خان میں فاطمید سنٹر کی تعمیر کے منصوبے پر دستخط کئے ہیں۔
واضع رہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں، فاطمید فاؤنڈیشن پہلا خیراتی خون کی منتقلی کا مرکز ہے جو 1988 سے پشاور میں تھیلیسیمیا کے مریضوں کو خون کی منتقلی اور متعلقہ خدمات فراہم کر رہا ہے۔ فاطمید پشاور سنٹر میں خیبر پختون خوا کے جنوبی اضلاع سے مریضوں کی کثیر تعداد میں آمد کو مدنظر رکھتے ہوئے جنوبی خیبر پختونخوا میں ایک اور سنٹر کا قیام وقت کا تقاضا ہے۔
خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع کے مختلف ہسپتالوں سے حاصل کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق خون کی خرابی کے امراض میں مبتلا مریضوں کی تعداد 7000 سے زائد ہے۔ او جی ڈی سی ایل۔ فاطمید، فرسٹ کلاس ہیماٹولوجیکل سنٹر جدید ترین مشینری سے لیس پسماندہ آبادیوں کی رسائی میں ہو گا
جن میں تھیلیسیمیا اور ہیموفیلیا کے مریض ہیں جو اس سے پہلے معیاری علاج سے محروم رہے ہیں اور انہیں اس سلسلے میں پشاور تک کا سفر کرنا پڑتا تھا۔فاطمید فاؤنڈیشن پاکستان میں سب سے بڑے بلڈ بینک اور ٹرانسفیوژن سروس کا انتظام کرتی ہے اور تھیلیسیمیا، ہیموفیلیا اور دیگر جینیاتی خون کے عارضے کے اپنے 14000 سے زائد رجسٹرڈ اور غیر مراعات یافتہ بیمار مریضوں کو پورے پاکستان میں بالکل مفت منتقلی فراہم کرتی ہے۔ فاطمید سینٹر کی تعمیر تقریباً ڈیڑھ سال کے عرصے میں مکمل ہو جائے گی