Site icon FS Media Network | Latest live Breaking News updates today in Urdu

مری گلیات میں سیاحوں کی دردناک اموات پر شہباز شریف اور بلاول کا اظہار افسوس

مری گلیات میں سیاحوں کی دردناک اموات پر شہباز شریف اور بلاول کا اظہار افسوس

مری گلیات میں سیاحوں کی دردناک اموات پر شہباز شریف اور بلاول کا اظہار افسوس

ٹریفک میں پھنسی گاڑیوں میں شہریوں کی اموات انتظامی نااہلی اور مجرمانہ غفلت ہے، شہباز شریف؛ انتظامیہ سیاحوں کی فی الفور مدد کے لیے ہنگامی اقدامات کرے، بلاول۔ فوٹو: فائل

مری اور گلیات میں شدید برفباری اور سیاحوں کے رش کے باعث بدترین ٹریفک جام میں پھنس کر گاڑیوں میں ہونے والی اموات پر قائد حزب اختلاف شہباز شریف، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔

شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ مری اور گلیات میں ٹریفک میں پھنسی گاڑیوں میں شہریوں کی اموات انتظامی نااہلی اور مجرمانہ غفلت ہے، یہ حکومت کی انتظامی صلاحیت کا عالم ہےکہ ٹریفک انتظامات کرنے کے قابل بھی نہیں ہے۔

شہباز شریف نے سوال کیا کہ جب شہری پھنسے ہوئے ہیں تو انہیں محفوظ مقامات تک پہنچانے کی کوشش کیوں نہ کی گئی؟ حکومت ایک ہزار گاڑیوں کے انتظام کی بھی صلاحیت نہیں رکھتی تو اسے اقتدار میں رہنے کا کیا حق ہے؟ اگرسیاح اتنی بڑی تعداد میں مری جا رہے تھے تو حکومت کو کیوں پتہ نہ چلا؟ انتظامیہ کہاں سوئی ہوئی تھی؟ پیشگی انتظامات کیوں نہ کیے گئے؟

ان کا کہنا تھا کہ جو حکومت رش میں پھنسے شہریوں کو نہیں بچا سکتی وہ مہنگائی کی دلدل سے عوام کو کیسے نکال سکتی ہے؟ جو حکومت ایک ہزار گاڑیوں کا مسئلہ حل نہیں کر سکتی وہ ملک کے بڑے مسائل سے کیونکر نمٹ سکتی ہے؟

قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ عمران نیازی میں تو اخلاقی جرات بھی نہیں ہے، کم ازکم اس سنگین مجرمانہ غفلت کے ذمہ دار وزیر اور ماتحتوں کو ہی برخاست کیا جائے، اس خون ناحق پر کسی کو تو ذمہ دار ٹھہرایا جائے؟

صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ سیاحت میں اضافے کا حکومتی پروپیگنڈہ سفاکی اور سنگ دلی کی انتہا ہے، مغرب کی مثالیں دینے والوں نے تو مشرقی روایات کی بھی لاج نہیں رکھی۔

انتظامیہ سیاحوں کی فی الفور مدد کیلئے ہنگامی اقدامات کرے: بلاول

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی مری میں سیاحوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق سیاحوں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ مری میں افسوس ناک سانحے پر پورا ملک سوگوار ہے، بہتر ہوتا کہ مری میں سیاحوں کو سنگین صورت حال سے آگاہ کیا جاتا، انتظامیہ سیاحوں کی فی الفور مدد کے لیے ہنگامی اقدامات کرے۔

پورے خاندانوں کی موت کے دردناک واقعے نے دل ہلا کر رکھ دیا: مریم

مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ برف میں پھنسے پورے کے پورے خاندانوں کی موت کے دردناک واقعے نے دل ہلا کر رکھ دیا ہے، حکومت کو کوسنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے کیونکہ یہ مردہ ضمیر حکومت بہت پہلے مر چکی ہے۔

https://www.youtube.com/watch?v=ks3NOZt8_yw
Exit mobile version