عمران خان کوریا کی کشتی ڈوبنے پر وزیراعظم کے مستعفی ہونے کا بھاشن دیتے تھے، پی ڈی ایم
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمداللہ نے مری سانحے میں وزیر اعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
حافظ حمد اللہ کا کہنا تھاکہ عمران خان جنوبی کوریا کی کشتی ڈوبنے پر وزیراعظم کے مستعفی ہونےکا بھاشن دیتے تھے، سانحہ مری میں 23 جانیں آپ کی نااہلی کی وجہ سے موت کے منہ میں گئیں، ذرا بھی غیرت ہوتی تومستعفی ہوجاتے۔
ان کا کہنا تھاکہ ہیلی کاپٹر میں مری کاجائزہ لینےکے بجائے عثمان بزدار مستعفی ہوجاتے تو عوام کا بھلا ہوتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت میں سانحہ مری کی ذمہ داری قبول کرنے کی ہمت بھی نہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز مری میں برفانی طوفان اور رش کے باعث 23 افراد اپنی گاڑیوں میں انتقال کرگئے تھے، انتقال کرجانے والوں میں ایک ہی خاندان کے 8 افراد بھی شامل تھے۔