مری واقعے کے روز برف ہٹانے والی 20 گاڑیاں ایک ہی مقام پر کھڑی ہونے کا انکشاف
سانحہ مری کی تحقیقات میں اہم انکشاف سامنے آیا ہے کہ برف ہٹانے کیلئے استعمال ہونے والی 29 میں سے 20 گاڑیاں ایک ہی مقام پر کھڑی تھیں۔
ذرائع کے مطابق برف ہٹانے والی29 گاڑیوں میں سے 20 ایک ہی مقام پرکھڑی تھیں، گاڑیوں کو چلانے کیلئے متعین ڈرائیورز، عملہ بھی ڈیوٹی پر موجود نہ تھا۔
تحقیقاتی کمیٹی نےمری میں آپریشنل عملے کے بیانات ریکارڈ کرلیے ہیں اور اس حوالے سے محکمہ جنگلات کے اہلکار کمیٹی کو تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہے۔
تحقیقات کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے مری کےداخلی راستوں اور سڑکوں سے تقریباً 50 ہزار گاڑیاں واپس بھیجیں۔
ادھر لاہور ہائی کورٹ میں سانحہ مری میں حکومتی اداروں کی غفلت پر تحقیقات کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
سیکرٹری محکمہ سیاحت اور ڈی جی نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی عدالت میں طلب کر لیے گئے۔
راولپنڈی کے کمشنر، ڈپٹی کمشنر، چیف ٹریفک آفیسر اور ریجنل پولیس افسر کو بھی پیش ہونے کاحکم دیا گیا ہے۔
مری کے ہوٹل مالکان کی تنظیم کو بھی 19جنوری کے عدالت میں پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔