شیخوپورہ میں دیوار احساس قائم، صنعت زار سے ملحقہ دیوار، دیوارِ احساس کے نام سے منسوب، افتتاح کردیا گیا
شیخوپورہ(بیوروچیف/شیخ محمد طیب سے)وزیر اعلٰی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر پنجاب بھر کی طرح شیخوپورہ میں بھی دیوار احساس قائم کر دی گئی۔محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال کے ذیلی ادارے صنعت زار سے ملحقہ دیوار کو خصوصی طور پر دیوار احساس کے نام سے منسوب کردیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ رانا شکیل اسلم نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر موسٰی علی بخاری ، اسسٹنٹ کمشنر شیخوپورہ میاں محمد جمیل ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر آمنہ عالم ، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر فیصل جاوید ، مینجر صنعت زار محمد نواز کے ہمراہ محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال ، سماجی تنظیموں اور مخیر حضرات کے تعاون سے غریب اور مستحق افراد کے لئے دیوار احساس کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ رانا شکیل اسلم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دیوار احساس قائم کرنے کا مقصد مستحق افراد کو موسم کی شدت سے محفوظ رکھنا اور باعزت طریقہ سے ان کی جائز ضروریات کو پورا کرنا ہے تا کہ ان کو بنیادی حقوق میسر آسکیں۔ دیوار احساس کو کامیاب بنانے کیلئے اہلکار صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک ڈیوٹی سرانجام دیں گے اور محکمہ سوشل ویلفیئر دیوار احساس کو مانیٹر کرے گا
تا کہ اس سے زیادہ سے زیادہ مستحق افراد استفادہ حاصل کر سکیں۔غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والے افراد قابل احترام ہیں اور انکی بنیادی ضروریات پورا کرنا ہمارا فرض ہے لہذا مخیر افراد اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یہ امر نہایت اہمیت کا حامل ہے کہ عوام میں شعور پیدا کیا جائے کہ وہ گھر میں پڑی ضرورت سے زائد اشیاء ، کپڑے ، جوتے ، کمبل ، جرسیاں اور کوٹ دیوار احساس میں رکھیں یہ جمع کروائیں تا کہ مستحق افراد اپنی ضرورت کے مطابق بغیر کسی قیمت کے دیوار احساس سے جو چیز لینا چاہیں وہ لے سکیں۔ اگر سماجی تنظیمیں اور مخیر حضرات گھی ،
چینی ، دالیں اور چاول وغیرہ بھی دیوار احساس میں رکھنا چاہیں تو رکھ سکتے ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر آمنہ عالم نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر پنجاب مدثر ریاض ملک کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ملکر وزیراعلی پنجاب کے
پروگرام دیوار احساس کو کامیاب بنانے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گا۔ دیوار احساس کو کامیاب بنانے کے لئے سماجی تنظیموں کی خدمات بھی حاصل کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میری صاحبِ ثروت افراد سے اپیل ہے کہ نیکی کے اس کام میں حکومت کا ساتھ دیں اور نادار افراد کی محرومیوں کو دور کرنے میں اپنا کردار ادا کریں