106

ابوظبی میں حوثی باغیوں کے مشتبہ ڈرون حملے، ایک پاکستانی سمیت 3 افراد ہلاک

ابوظبی میں حوثی باغیوں کے مشتبہ ڈرون حملے، ایک پاکستانی سمیت 3 افراد ہلاک

متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی میں آگ لگنے کے دو  واقعات میں 3 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے جبکہ یمن کے حوثی باغیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ڈرون کے ذریعے حملہ کیا جس سے یہ تباہی ہوئی۔

اماراتی پولیس کے مطابق ابوظبی میں مصفح کے علاقے میں ICAD3 اور ADNOC کے اسٹوریج ایریا میں 3 فیول ٹینکرز میں آگ لگی جبکہ ابوظبی انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے نئے تعمیراتی ایریا میں بھی ایک مقام پر آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا اور ان دونوں مقامات پر لگی آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ڈرونز کی وجہ سے ان دونوں مقامات پر آگ لگی، یہ ڈرونز اس علاقے میں گرے جس کے بعد آگ لگی۔ 

اماراتی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ مصفح کے مقام پر تین فیول ٹینکر پھٹنے سے 3 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوئے ہیں جبکہ ائیرپورٹ کنسٹرکشن ایریا میں لگنے والی آگ میں اب تک کوئی نقصان سامنے نہیں آیا۔

اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد میں دو بھارتی اور ایک پاکستانی شہری شامل ہے۔

حوثیوں باغیوں نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی

دوسری جانب یمن کے حوثی باغیوں نے ابوظبی میں ڈرون حملوں کا دعویٰ کیا ہے۔ حوثی ملیشیا کے ترجمان کے مطابق امارات کے خلاف آپریشن شروع کردیا ہے اور جلد حملوں کے حوالے سے مزید معلومات فراہم کی جائیں گی۔

جنوبی کورین صدر اور دبئی کے ولی عہد کی ملاقات ملتوی

یہ واقع ایسے وقت ہوا ہے جب جنوبی کوریا کے صدر مون جائے اِن کی دبئی کے ولی عہد سے ملاقات طے تھی لیکن غیر معمولی حالات کی وجہ سے اس ملاقات کو ملتوی کردیا گیا ہے۔

یمن کی جنگ

واضح رہے کہ یمن میں خانہ جنگی کا آغاز 2014 میں اس وقت ہوا جب حوثی باغیوں نے دارالحکومت صنعاء پر قبضہ کرنے کا اعلان کیا۔

حوثی باغیوں کی جانب سے حکومت کا تختہ الٹنے کو جواز بنا کر سعودی عرب نے یمن میں فضائی کارروائیاں شروع کردیں۔ سعودی قیادت میں متحدہ عرب امارات سمیت دیگر ممالک بھی یمن کیخلاف بننے والے عسکری اتحاد میں شامل ہیں۔

یمن میں ہونے والی خانہ جنگی میں اب تک ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور اس تنازع کی وجہ سے لاکھوں افراد قحط سالی شکار ہو رہے ہیں۔

اقوام متحدہ نے اس تنازع کو دنیا کا بدترین انسانی المیہ قرار دیا ہے کیونکہ یمن میں لاکھوں افراد خوراک اور طبی سہولیات کی کمی کا شکار ہیں اور یہ لڑائی ملک کو قحط کے دہانے پر لے آئی ہے۔

https://youtu.be/P9-2roXUDks

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں