کورونا:مساجد، عبادت گاہوں میں 6 فٹ کا فاصلہ ہوگا، ویکسین شدہ افراد کو جانے کی اجازت ہوگی
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) نے مساجد اور عبادت گاہوں میں صرف ویکسین شدہ افراد کو ہی داخلے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
این سی او سی کے اجلاس میں ملک میں بڑھتی ہوئی کورونا صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں مساجد اور عبادت گاہوں کے لیے ضروری اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ صرف مکمل ویکسین شدہ افراد کو ہی مساجد اور عبادت گاہوں میں جانے کی اجازت ہو گی۔
این سی او سی نے ہدایت کی کہ مساجد سے کارپٹ اٹھا دیے جائیں، مساجد اور عبادت گاہوں میں 6 فٹ کا فیصلہ رکھا جائے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اجلاس میں کہاگیا کہ بزرگ اور مختلف بیماریوں میں مبتلا افراد گھر پر نماز پڑھنےکو ترجیح دیں، کم سے کم لوگ مساجد آئیں اور نمازی گھر سے وضو کر کے مسجد آنے کو ترجیح دیں۔
این سی او سی کے اجلاس میں کہا گیا ہے کہ مساجد میں سینیٹائزرکا زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جائے اور کھلی فضا میں عبادت کی جائے، ہوا کے لیے کھڑکیاں اور دروازے کھلے رکھے جائیں، نماز جمعہ کا خطبہ مختصر رکھا جائے۔
خیال رہے کہ ملک میں کورونا کی پانچویں لہر جاری ہے اور مثبت کیسز کی شرح میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی کورونا کے ساڑھے 6 ہزار سے زائد کیسز اور 12 اموات رپورٹ ہوئیں۔