اسلام گڑھ پلائی موڑ بازار ایک بار پھر تالاب بن گیا،
اسلام گڑھ(جاوید اقبال بٹ سے)اسلام گڑھ پلائی موڑ بازار ایک بار پھر تالاب بن گیا،ڈپٹی کمشنر میرپور کی توجہ اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میرپور کا ایکشن بھی ڈیفنس شاہراہ سے پانی کی نکاسی کا مکمل بندوبست نہ کروا سکا،محکمہ ہائی وے میرپور لالی پاپ دے کر پاسے ہو گیا،کئی سال گزر گئے مگر محکمہ شاہرات میرپور آب نکاسی کا بندوبست نہ کر سکی،
پیدل چلنے والوں سمیت مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا، عوام کا کمشنر میرپور،چیف سیکرٹری اور وزیراعظم آزادکشمیر سے محکمہ شاہرات میرپور کی نااہلی پر کان کھینچنے کا مطالبہ تفصیلات کے مطابق گزشتہ کئی سالوں سے اسلام گڑھ پلائی موڑ مرکزی شاہراہ کی نکاسی آب کا مسئلہ حل نہ ہو سکا 3
ہفتے پہلے چنار پریس کلب اور انجمن تاجراں اسلام گڑھ نے اس مسئلے پر آواز اٹھائی جس پر ضلعی انتظامیہ حرکت میں آئی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میرپور چوہدری ساجد اسلم نے جائے موقع کا ہمراہ محکمہ شاہرات بلدیہ و نائب تحصیلدار دورہ کیا اور فوری مسئلے کے حل کے احکامات جاری کیے جس پر صرف اتنا سا ایکشن ہوا کہ محکمہ شاہرات میروپور اور بلدیہ اسلام گڑھ نے سیوریج سسٹم کی صفائی کی اور پانی کی نکاسی کا عارضی بندوبست کر دیا
مگر دوبارہ ہونے والی بارشوں کی وجہ سے مرکزی شاہراہ کوٹلی میرپور پلائی موڑ کے مقام سے ایک بار پھر تالاب کا منظر پیش کرنے لگی ہے جس کی وجہ سے پیدل چلنے والوں سمیت مسافر شدید مشکلات کا شکار ہیں جو ضلعی انتظامیہ اور محکمہ شاہرات کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت بھی ہے کہ عارضی نکاسی آب کرنے کے بعد کام کو چھوڑ دیا گیا بارشوں کی وجہ سے ساری محنت رائیگاں چلی گئی اور پانی دوبارہ وہاں جمع ہو گیا ہے
محکمہ شاہرات کی ذمہ داری بنتی تھی کہ وہ نکاسی کا مکمل بندوبست کرتے کیونکہ نالیوں کا لیول نہ ہونے کی وجہ سے پانی کی نکاسی ممکن نہیں انجمن تاجران سمیت عام عوام علاقہ نے کمشنر میرپور، چیف سیکرٹری اور وزیراعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ شاہرات کو فوری پابند کیا جائے کہ وہ سیورج سسٹم کے نقائص دور کر کے نکاسی کا معاملہ فوری حل کرے تاکہ آئے روز کا نکاسی آب کا مسئلہ حل ہو سکے اور عوام سمیت مسافروں کو سکون مل سکے۔