175

معاشرے کی ترقی اور خوشحالی میں اساتذہ کا کردار سب سے اہم ہے ، میر سلیم احمد کھوسہ

معاشرے کی ترقی اور خوشحالی میں اساتذہ کا کردار سب سے اہم ہے ، میر سلیم احمد کھوسہ

صحبت پور ( پ ر) صوبے کی تعلیمی ترقی اور اساتذہ کے مسائل کے حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کا رلائے جائیں گے تعلیمی میدان میں ترقی اور کوالٹی ایجوکیشن کے فروغ کے لیے اساتذہ ، طلباء والدین اور معاشرے کی تمام اکائیوں کو مل جُل کو کام کرنا ہوگا ،اساتذہ ہی کی بدولت قومیں ترقی کی منازل طے کرسکتی ہیں ان خیالات کا اظہار ممبر صوبائی اسمبلی میر سلیم احمد کھوسہ نے گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن ضلع صحبت پور کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا

اُنہوںنے کہا کہ ضلع صحبت پو ر اگر چہ ایک چھوٹا ضلع ہے مگر تعلیمی میدان میں کسی بھی ضلع سے پیچھے نہیں ہے جب یہ ضلع نہیں تھا اس وقت بھی یہاں تعلیمی میدان میں نمایاں ترقی دیکھنے کو مل رہی تھی اس کی بڑی وجہ شعبہ تعلیم میں سیاست کا عمل دخل نہ ہونا ہے اس علاقے میں تعلیم کی بنیاد انگریز دور میں رکھی گئی جو کہ آج تک قائم ہے اور اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بدولت مستقبل میں بھی قائم رہے گی

اُنہوں نے کہا کہ صحبت پور سے ابتدائی تعلیم حاصل کرنے والی بے شمار شخصیات ملکی اور صوبائی سطح پر اعلیٰ سرکاری عہدوں پر خدمات انجام دے رہی ہیں جوکہ ایک قابل فخر بات ہے اُنہوں نے مزید کہا کہ ضلع میں کوالٹی ایجوکیشن کے فروغ کے لیے مزید محنت کرنا ہو گی اور امتحانات میں مقابلے کے رجحانات کو پروان چڑھانے کے لیے پاس اور فیل کے تصور کو مضبوط کرنا ہو گا تاکہ طلباء و طالبات اس جانب بھر پور توجہ دے سکیں

اُنہوں نے جی ٹی اے ضلع صحبت پور اور تحصیلوں کے نومنتخب نمائندوں کو مبارکباد پیش کی اور توقع ظاہر کی کہ وہ ضلع کی مزید تعلیمی ترقی اور اساتذہ اور طلباء کے مسائل کے حل کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے ،حلف برادری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جی ٹی اے بی کے مرکزی صدر حاجی حبیب الرحمن مردانزئی نے شاندار تقریب کے انعقاد پر صحبت پور کی نومنتخب کابینہ کو مبارکباد پیش کی

اور کہا کہ جی ٹی اے کی خدمات کا دائرہ کار صوبہ بھر کے اساتذہ، طلباء و طالبات اور تعلیمی شعبہ پر محیط ہے اس کی تاریخ لازوال قربانیوں اور تاریخی جدوجہد سے بھر ی پڑی ہے اور آج اساتذہ کو جو بھی مراعات مل رہی ہیں وہ جی ٹی اے ہی کی مرہون منت ہیں مگر بعض عاقبت نا اندیش عناصر بیوروکریسی کا آلہ کا ر بن کر جی ٹی اے کو کمزور کرنے سازش کررہے ہیں اور منفی پروپیگنڈے کررہے ہیں

مگر وہ اپنے مزموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے کیونکہ صوبہ بھر کے اساتذہ اُن سے اچھی طرح واقف ہیں اُنہوں نے مزید کہاکہ اساتذہ کاز کو نقصان پہنچانے والوں کے چہرے بے نقاب ہوچکے ہیں اُنہوں نے جی ٹی اے کے مضبوط پلیٹ فارم پر اساتذہ کے اتحاد واتفاق پر اُنہیں سلام پیش کیا ہے اور کہا کہ صوبہ بھر کے اساتذہ کے اعتماد کو کبھی بھی ٹھیس نہیں پہنچائیں گے اور صوبے کی تعلیمی ترقی ،

اساتذہ کے مسائل کے حل کے لیے قربانیوں کا یہ سفر مستقبل میں بھی صوبہ بھر کے اساتذہ کے بھر پور تعاون اور شرکت سے جاری رہے گا اُنہوں نے مزید کہا کہ بیورکریسی ایک بار پھر اساتذہ کی مراعات سے محروم کرنے کی کوشش کررہی ہے اور ٹائم اسکیل جیسی پہلے سے حاصل شدہ مراعات پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کررہی ہے اساتذہ کے حقوق اور حاصل شدہ مراعات کو ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا کیونکہ یہ مراعات اساتذہ کو خیرات میں نہیں ملیں بلکہ جی ٹی اے نے منظم جدوجہد اور قربانیوں کی بدولت حاصل کی ہیں

اس سے قبل تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے شروع ہوا مہمان خصوصی ممبر صوبائی اسمبلی میر سلیم احمد کھوسہ نے جی ٹی اے ضلع صحبت پور اور تحصیلوں کی نومنتخب کابینہ کے اراکین سے حلف لیا تقریب میں شریک صوبائی ڈویژنل اور ضلعی عہدیداروں میں اجرک کے تحائف پیش کئے گئے

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلع صحبت پور کے نومنتخب صدر داد محمد مری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کی خدمت کا عزم لے کر میدان میں اُترے ہیں اور اساتذہ کے وسیع تر مفادات اور ضلع بھر کی تعلیمی بہتری کے لیے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا اُنہو ں نے مزید کہا کہ اساتذہ کے اتحاد واتفاق کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور اُنہیں کسی بھی موڑ پر تنہاء نہیں چھوڑیں گے اُنہوں نے کہا کہ ضلع بھر کے اساتذہ مرکزی کابینہ کی پر کال پر لبیک کہتے ہوئے ہراول دستے کا کردار ادا کریں گے

اس موقع پر جی ٹی اے بی کے چیئر مین نورجان شان رند نے خطاب کرتے ہوئے اساتذہ کے جوش وجذبہ اور اتحاد واتفاق پر اُنہیں خراج تحسین پیش کیا اور توقع ظاہر کی کہ صحبت پور کے اراکین ماضی کی طرح آئندہ بھی ضلع بھر کے اساتذہ کے مسائل کے حل اور تعلیمی میدان میں ترقی کے لیے بڑھ چڑھ کر اپنا کردار ادا کریں گے

تقریب سے جی ٹی اے کے سنیئر نائب صدر حاجی عبدالواحد کھوسہ ، ضلع کچھی کے صدر ملک ظفر ، جی ٹی اے کے سنیئر رہنما سابق چیئرمین (ریٹائر) حافظ غلام محمد کھوسہ اور دیگر صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی اراکین نے بھی خطاب کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں