پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے
پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم یک جہتی کشمیر منایا جا رہا ہے جس کا مقصد بھارتی فوج کے مظالم کا شکار کشمیری عوام سے اظہار ہمدردی اور اس بات کا عزم ہے کہ پوری پاکستانی قوم ان کے حق خود ارادیت کے لیے آواز بلند کرتی رہے گی۔
یوم یک جہتی کشمیر کے موقع پر ملک کے مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی جا رہی ہیں، جلسوں اور احتجاجی مظاہروں کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔
کوہالہ پُل پر انسانی ہاتھوں کی سب سے بڑی زنجیر بنائی جائے گی جبکہ مرکزی تقریب منگلا پل میر پور آزاد کشمیر میں ہوگی۔
تقاریب میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا جبکہ دنیا بھر میں موجود پاکستانی سفارت خانوں میں بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے خصوصی تقاریب منعقد ہوں گی، تقاریب میں بیرون ملک مقیم پاکستانی دنیا کو بھارتی مظالم سے آگاہ کریں گے۔
یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور نہتے کشمیریوں پر مظالم کا سلسلہ کئی دہائیوں سے جاری ہے۔