78

صفدرآباد میں ریسکیو 1122 دفتر کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا

صفدرآباد میں ریسکیو 1122 دفتر کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا

شیخوپورہ(بیوروچیف/ شیخ محمد طیب سے)حکومتِ پنجاب نے احسن اقدام اُٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار اور ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر کی ہدایت پر پنجاب کی 79 تحصیلوں میں ریسکیو 1122 سروس کا مرحلہ وار آغاز ہوچکا ہے۔اس سلسلے میں شیخوپورہ کی تحصیل صفدرآباد میں ریسکیو 1122 سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیاگیاہے

۔ چئیرپرسن ٹیوٹاپنجاب رانا علی سلمان، جوائینٹ سیکرٹری پنجاب رانا وحید احمد خاں اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر رانا اعجاز احمد نے ملکرریسکیو دفترکا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کے دوران رانا علی سلمان نے کہا حکومت عوام کو زندگی کے ہر شعبے میں سہولیات کی فراہمی کیلئے ہمہ وقت مصروف عمل ہے- انہوں نے کہا کہ ریسکیو جوانوں کی تربیت عالمی معیار کے مطابق ہوتی ہے

اور یہ ایمرجنسی کے شکار لوگوں کی انتہائی پروفیشنل انداز میں مدد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اہلِ علاقہ کی جانب سے وزیرِاعلٰی پنجاب سردار عثمان بزدار اور ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر رضوان نصیر کے بے حد مشکور ہیں کہ انہوں نے تحصیل صفدرآباد کیلئے ریسکیو 1122 جیسا عظیم تحفہ دیا۔
اپنے خطاب میں رانا وحید احمد خاں نے کہا کہ ریسکیو 1122 کے دفتر کے قیام سے علاقہ مکینوں کی مشکلات میں خاتمہ ہوگا

اور مریضوں کو بروقت طبّی امداد کے ساتھ ساتھ ہسپتال منتقل کرنے میں بھی مدد ملے گی ۔انہوں نے کہا کہ ایک فرد کی جان بچانا پوری انسانیت کی جان بچانے کے مترادف ہے اور اس مقصد کیلئے ریسکیو 1122 ہمہ وقت کوشاں ہے۔ انجینئر رانا اعجاز احمد نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ ریسکیو 1122 کا تربیت یافتہ عملہ بلا امتیاز امیرو غریب لوگوں کی خدمت کیلئے ہمہ وقت تیار ہے اور لوگوں کو بہتر سے بہترین سروسز فراہم کی جائیں گی

۔انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پرتحصیل صفدرآبا دکو ریسکیو 1122 کی دو ایمبولینسیں، ایک فائروہیکل اور 30 رُکنی ریسکیو سٹاف مہیا کیا گیاہے اور بہت جلد تحصیل میں موٹربائیک ایمبولینس بھی فراہم کر دی جائیں گی۔تقریب میں ریسکیواینڈ سیفٹی آفیسر صفدرآباد غلام مرتضٰے ڈوگر، سیاسی وسماجی شخصیت رانا منور، خالد بھٹی، ریسکیو افسران واہلکاران سمیت میڈیا نمائیندگان اور شہریوں کی کثیر تعدادموجود تھی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں