راولپنڈی میں پابندی کے باوجود پتنگ بازی، چھت سے گر کر 6 سالہ بچہ جاں بحق
راولپنڈی میں بسنت پر ہوائی فائرنگ اور پتنگ بازی کے باعث حادثات، چھت سے گر کر کم سِن بچہ جاں بحق ہوگیا جبکہ ڈور پھرنے سے خاتون سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔
بسنت منانے والوں کے خلاف پولیس کا مختلف علاقوں میں کریک ڈاؤن جاری ہے جس میں 100 سے زائد افراد گرفتار اور ہزاروں پتنگیں اور قاتل ڈوریں برآمد کرکے متعدد مقدمات درج کیے جاچکے ہیں۔
پابندی کے باوجود راولپنڈی میں پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کے واقعات: وزیراعلی پنجاب @UsmanAKBuzdar نے کمشنر راولپنڈی ڈویژن اور آر پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کر لی۔
"پولیس اور انتظامیہ کو پتنگ بازی کے واقعات کی روک تھام کیلئے پیشگی انتظامات کرنے چاہئیں تھے۔" وزیراعلی عثمان بزدار
— . (@CMPunjabPK) February 18, 2022
راولپنڈی کے علاقے ڈھوک کالا خان میں پتنگ اڑاتے ہوئے 6 سالہ بچہ ثاقب چھت سے گرنے کے بعد موقع پر جاں بحق ہوگیا۔
ادھر رحیم آباد پُل کے قریب ایک موٹر سائیکل سوار کی گردن پر قاتل ڈور پھر گئی جسے شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔
اڑیالہ روڑ پر موٹر سائیکل پر سوار خاتون کے گلے میں قاتل ڈور پھنس گئی جس کے باعث وہ شدید زخمی ہوگئی۔
راولپنڈی میں بسنت منانے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔
سی پی او عمر سعید ملک کا تھانہ وارث خان اور گردونواح کا دورہ، تمام سینئیر افسران کو فیلڈ میں بھجوا دیا، کریک ڈاؤن میں مزید تیزی لانے کی ہدایت۔ پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کو فوری گرفتار کرنے کے احکامات، آج کریک ڈاؤن کے دوران اب تک210سے زائد ملزمان گرفتار کئے جا چکے ہیں۔ pic.twitter.com/zYWxsfrnpl
— Rawalpindi Police (@RwpPolice) February 18, 2022
پتنگیں اڑانے والوں اور پولیس کے مابین آنکھ مچولی بھی جاری ہے، پولیس حکام کے مطابق اب تک مختلف علاقوں سے 100 سے زائد افراد گرفتار کیے جاچکے ہیں، ہزاروں کی تعداد میں پتنگیں اور قاتل ڈوریں برآمد کی جاچکی ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے پنجاب حکومت کی جانب سے بسنت پر مکمل پابندی ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب بسنت پر پابندی کے باوجود بڑی تعداد میں لوگ گھروں کی چھتوں پر نہ صرف پتنگیں اڑا رہے ہیں بلکہ ہر طرف ہوائی فائرنگ کی آوازیں بھی سنائی دے رہی ہے۔