جرمنی کا پاکستان کیجانب سے یوکرین تنازع کے پر امن اور سفارتی حل کے مطالبے کا خیرمقدم
جرمنی نے پاکستان کی جانب سے یوکرین تنازع کے پر امن اور سفارتی حل کے مطالبے کا خیرمقدم کیا ہے۔
جرمن سفارتخانے کے مطابق جرمن وزیرخارجہ انالینا بیئربوک نے یوکرین پر روس کے حملے پر بیان دیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ مہینوں تک پروپیگنڈا کرکے پیوٹن نے یوکرین کےخلاف کاروائی شروع کر دی ہے۔
جرمن وزیرخارجہ کا کہنا تھاکہ روس کا یوکرین پرحملہ بنیادی بین الاقوامی اصولوں کی خلاف ورزی ہے، ہم نے سفارتی ذرائع سے مسئلہ کا پرامن حل نکالنے کی ہرممکن کوشش کی۔
جرمن وزیرخارجہ نے بتایا کہ جرمنی وزیراعظم عمران خان کے دورہ روس سے آگاہ ہے، بدقسمتی سے عمران خان کے دورے پر روسی جارحیت کے بھی سائے پڑے ہیں، پاکستان کا معاملے کے پرامن اور سفارتی حل کا مطالبہ قابل تحسین ہے، پاکستان کے ساتھ ہمارے طویل مدتی اور کثیرالجہتی تعلقات ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ امید ہے پاکستان کی سیاسی اور سفارتی حمایت بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کے خلاف ہوگی۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان نے وفد کے ہمراہ روس کا دورہ کیا اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات بھی کی۔