اپوزیشن کے نمبرگیم پورے ہیں، تحریک عدم اعتمادکامیاب ہوگی، نواز شریف
اپوزیشن کے نمبرگیم پورے ہیں، تحریک عدم اعتمادکامیاب ہوگی، نواز شریف
سابق وزیراعظم نواز شریف نےکہا ہےکہ تحریک عدم اعتمادکی کامیابی یقینی ہے، جلد وطن واپس آنا چاہتا ہوں، ڈاکٹروں نے اجازت دی تو اگلی فلائٹ سے پاکستان پہنچ جاؤں گا۔
قائد مسلم لیگ ن سے لندن میں بلوچستان اسمبلی کے سابق رکن سنتوش کمار بگٹی نے ملاقات کی، اس موقع پر سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی موجود تھے ۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے لائی گئی تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی کیونکہ اپوزیشن کے نمبر گیم پورے ہیں، عوام کو اس نظام سے چھٹکارہ دلائیں گے، ملک کی موجودہ معاشی صورت حال نے سخت رنجیدہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کھوکھلے نعروں اور اعلانوں نے ملک کی معاشی صورت حال کو زبوں حالی کا شکار کر دیا ہے، مہنگائی اور بے روزگاری نے عام آدمی کا جینا محال کر رکھا ہے، ہم نے ہمیشہ اس بات پر زور دیا ہے کہ مستحکم پاکستان کے لیے پرامن اور خوشحال بلوچستان ناگزیر ہے، یہاں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل ہوناچاہے اور اس کے لیے پاکستان مسلم لیگ ن نے اپنے دور اقتدار میں واضح پالیسیاں مرتب کیں ۔
انہوں نےکہا کہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں موجود اقلیتیں ہمیشہ سے ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتی رہی ہیں اور ہماری کوشش رہی ہےکہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں۔
اس موقع پر سنتوش کمار بگٹی نے نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئےکہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن ہمیشہ سے اہل بلوچستان کی امنگوں کا محور رہی ہے۔
انھوں نے کاوے موسوی کی رپورٹ پر نواز شریف کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ رپورٹ نے ایک بار پھر انہیں سرخرو کر دیا ہے اور نواز شریف اور ان کے خاندان کے شفاف کردار پر تصدیق کی مہر ثبت کر دی ہے۔
سنتوش کمار بگٹی کا مزیدکہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام اس نااہل نظام سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے لیے پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب دیکھ رہے ہیں اور پارٹی کی ہر جدوجہد میں صف اول کا کردار اداکرنےکے لیے تیار ہیں۔