ن لیگ کے اعلیٰ سطحی وفدکی چوہدری برادران سے ملاقات، تحریک عدم اعتماد پر تبادلہ خیال
ن لیگ کے اعلیٰ سطحی وفدکی چوہدری برادران سے ملاقات، تحریک عدم اعتماد پر تبادلہ خیال
مسلم لیگ ن کے وفد نے ق لیگ کے رہنما چوہدری شجاعت اور چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات کی اور تحریک عدم اعتماد، ملکی سیاسی صورت حال سمیت باہمی دلچسپی کے امورپرگفتگو کی اور آئندہ لائحہ عمل سے متعلق مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
اسلام آباد میں ن لیگ کا اعلیٰ سطحی وفد چوہدری برادران کی رہائش گاہ پہنچا، اس موقع پر وفاقی وزیرطارق بشیر چیمہ نے ن لیگی وفدکا استقبال کیا۔
ن لیگی وفد میں خواجہ آصف، راناتنویرحسین، ایازصادق، راناثنااللہ، خواجہ سعد رفیق اور عطااللہ تارڑ شامل تھے جب کہ ق لیگ کی جانب سے چوہدری شجاعت اور چوہدری پرویز الٰہی سمیت وفاقی وزیر طارق بشیرچیمہ،مونس الٰہی، سالک حسین، حسین الٰہی شریک ہوئے۔
ان کے علاوہ ملاقات میں ق لیگ کے رہنما سینیٹر کامل علی آغا بھی شریک ہوئے۔
دونوں جماعتوں کی قیادت کے درمیان تحریک عدم اعتماد اور ملکی سیاسی صورت حال سمیت باہمی دلچسپی کے امورپرگفتگوکی گئی اور آئندہ لائحہ عمل سے متعلق مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں سابق صدر محمد رفیق تارڑ کے ایثال ثواب کے لیےدعا بھی کی گئی۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے حکومت کی اتحادی جماعت ق لیگ کو پنجاب کی وزارت اعلیٰ دینےکی حامی بھرلی ہے اور ن لیگی وفد نے چوہدری برادران کو نواز شریف کا یہی پیغام پہنچانا تھا۔
ذرائع ن لیگ کے مطابق جلد الیکشن کرانےکی شرط پر نواز شریف نے وزارت اعلیٰ دینےکی حامی بھری ہے، نئے انتخابات 3 سے 6 ماہ کے اندر کرائے جائیں گے۔