42

سندھ حکومت اور وفاق شیر و شکر، سہیل راجپوت چیف سیکرٹری سندھ تعینات

سندھ حکومت اور وفاق شیر و شکر، سہیل راجپوت چیف سیکرٹری سندھ تعینات

سندھ حکومت اور وفاق شیر و شکر، سہیل راجپوت چیف سیکرٹری سندھ تعینات

شہباز شریف اور سندھ حکومت کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ میں اس قدر ہم آہنگی آگئی ہے کہ ٹیلی فون پر صلاح مشورے کے بعد وزیراعظم نے تعیناتی کے احکامات دیے— فوٹو: جیو نیوز
شہباز شریف اور سندھ حکومت کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ میں اس قدر ہم آہنگی آگئی ہے کہ ٹیلی فون پر صلاح مشورے کے بعد وزیراعظم نے تعیناتی کے احکامات دیے— فوٹو: جیو نیوز

پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 22 کے سینیئر ترین افسر ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت کو چیف سیکرٹری سندھ تعینات کر دیا گیا ہے، جس کا نوٹیفکیشن گورنمنٹ آف پاکستان نے جاری کر دیا۔

ڈاکٹر سہیل راجپوت اس سے قبل سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن ڈویژن میں خدمات سرانجام دے رہے تھے۔

رواں سال ممتاز علی شاہ کے چیف سیکرٹری سندھ کے عہدے سے ریٹائر ہونے کے بعد یہ عہدہ خالی تھا۔ چیف سیکرٹری ممتاز شاہ کی ریٹائرمنٹ کے بعد اس عہدے کا عارضی چارج بقاء اللہ انہڑ کو دیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق چیف سیکرٹری سندھ کے اہم ترین عہدے پر یہ تعیناتی ٹیلی فونک گفتگو کے بعد عمل میں آئی ہے ورنہ یہی کام ماضی میں ہفتوں پر مشتمل ہوتا تھا۔

 طریقہ کار کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے چیف سیکرٹری، مختلف سیکرٹریز، آئی جی سندھ یا دیگر اہم عہدوں پر تعیناتی کیلئے تین نام وفاق کو بھیجنا لازمی ہوتے ہیں، اگر وفاقی حکومت ان میں سے کسی ایک نام پر متفق ہو تو نوٹیفکیشن جاری کر دیا جاتا ہے  ورنہ وفاق کی جانب سے صوبے سے مزید ناموں کی فہرست طلب کی جاتی ہے۔

اس طرح کی اہم تقرریوں کے سلسلے میں وفاق اور صوبوں کے مابین تناؤ بھی دیکھا گیا ہے اور کئی مرتبہ تنازعات کے بعد معاملہ عدالتوں تک بھی جاتا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق کل رات عہدے کا حلف اٹھانے والے وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور سندھ حکومت کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ میں اس قدر ہم آہنگی آگئی ہے کہ ٹیلی فون پر صلاح مشورے کے بعد وزیراعظم نے ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت کی بطور چیف سیکرٹری سندھ تعیناتی کے احکامات دیے اور اسی وقت اس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

حیدر آباد سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر سہیل راجپوت وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکرٹری اور کمشنر کراچی رہ چکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں