اسلام گڑھ ایجوکیشنل ٹرسٹ اسلام گڑھ کے تعاون سے گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول طارق آباد میں کتابیں’وردیاں اور کاپیاں تقسیم کر دی گئیں
سرپرست اعلی پروفیسر طارق محمود نے تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی۔ تقریب میں والدین اور عوام علاقہ نے بھی شرکت کی۔ نظامت کے فرائض سنٹر انچارج مرزا محمد لطیف نے سرانجام دئیے۔اس موقع پر مدرس ادارہ ہذا محمد فاروق بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر طارق محمود نے کہا کہ برطانیہ میں ٹرسٹ کے لیے کام کرنے والے قیصر ریاض اور جاوید طارق دو مزدور ہیں
جو وہاں محنت مزدوری کر کے اپنے گھر والوں کا پیٹ پالتے ہیں اور ساتھ اسلام گڑھ کے اداروں کی حالت زار کو بہتر بنانے پر بھی لگے ہوئے ہیں اسلام گڑھ ایجوکیشنل ٹرسٹ کے ساتھ ہمیں مکمل تعاون کرنا چاہیے اور جو لوگ اس ٹرسٹ کے ساتھ مالی تعاون نہیں کر سکتے انہیں چاہیے کہ وہ ٹرسٹ انتظامیہ کے ساتھ اخلاقی تعاون کریں۔اس موقع پر سیاسی و سماجی راہنما چوہدری شوکت حسین پاشا نے اسلام گڑھ ایجوکیشنل ٹرسٹ کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بڑا کام ہے اور جو لوگ تعلیم کو پھیلانے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں
اس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں یہ کام وہی لوگ کرتے ہیں جن کو اللہ تعالی توفیق عطا کرتے ہیں ایجوکیشنل ٹرسٹ کی دونوں شخصیات درد دل رکھنے والی ہیں اور اسلام گڑھ کے اداروں کے انفراسٹرکچر سمیت تعلیمی مسائل کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں جس پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔