68

محسنِ اعظمِ انسانیت ﷺ کی تعلیمات سے ہم دنیا کا ماحول ایسا بنا سکتے ہیں ،پیر محمدنقیب الرحمن

محسنِ اعظمِ انسانیت ﷺ کی تعلیمات سے ہم دنیا کا ماحول ایسا بنا سکتے ہیں ،پیر محمدنقیب الرحمن

راولپنڈی (بیورو رپورٹ) دربارِ عالیہ عیدگاہ شریف کے سجادہ نشین و عالمِ اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمدنقیب الرحمن نے کہا ہے کہ حضور نبی کریم ﷺ کی کائنات میں تشریف آوری کو ربِ رحمن نے قرآنِ کریم میں احسانِ عظیم کے طورپر یاد فرمایا ہے ۔ ربِ رحمان فرما رہا ہے کہ یاد کرو کہ تم ایک دوسرے کے خون کے پیا سے تھے

پھر میرے پیارے حبیب ﷺ اس شان سے تمھارے درمیان تشریف لائے کہ تمہیں آپس میں بھائی بھائی بنا ڈالا اور تم دوزخ میں گرنے کو تیار کھڑے تھے کہ میرے پیارے حبیب ﷺ کا نورِ پاک جگمگایا اور آپ ﷺ نے دوزخ میں گرنے والوں کا ہاتھ پکڑ کر جنت کی راہ دکھا ڈالی۔خانقاہی نظام کا یہ خاصا رہا کہ اس سے منسلک اور اس کی طرف رجوع کرنے والی مخلوقِ خدا کو حضور نبی رحمت ﷺ کی ارفع و اعلیٰ تعلیمات پڑھا اور یاد کروا کر ایک ایسے مہذب اور با اخلاق معاشرے کی تشکیل کی جائے جہاں احترامِ آدمیت ،

حسنِ اخلاق، رواداری، اخوت و محبت اور ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہونے کے عظیم جذبات بھر پور طریقے سے فروغ پائیں۔ آپ ﷺ بنفسِ نفیس خود ارشاد مبارک فرماتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کو راضی کرنے کا صرف ایک راستہ ہے اوروہ میرا راستہ ہے۔ محسنِ اعظمِ انسانیت ﷺ کی تعلیمات سے ہم دنیا کا ماحول ایسا بنا سکتے ہیں جہاں پر خیر، امن، سلامتی اور اخوت و محبت فروغ پائے جس کے لئے ہمیں معاشرے میں پھیلی ہوئی غیبت کی برائی سے توبہ کرنا ہو گی ۔ تعلیماتِ نبوی ﷺ کے مطابق یہ مکروہ عمل ایسے ہے

جیسے اپنے مردہ بھائی کا گوشت کھانا اور ایک اور حدیثِ مبارک میں آپ ﷺ نے غیبت کو زنا سے بد تر قرار دیا ہے ۔ آج من حیث القوم اگر ہم سچائی کے ساتھ اپنے آپ کو ان احادیثِ مبارکہ کی روشنی میں جانچیں تو معلوم ہو گا کہ غیبت ہمارے چاروں اطراف برے طریقے سے سرایت کر چکی ہے جس سے ہم اپنے دین اور دنیا کا بہت نقصان کرتے ہیں اور اس برائی سے ارد گرد کا ماحول خراب ہوتا ہے

۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے پیارے نبی علیہ الصلواۃ و السلام کے ایک سچے اور نمک حلال غلام کی حیثیت سے اپنی زندگیاں بسر کریں اور ہمارا وجود مخلوقِ خدا کے لئے راحت و آسانی کا باعث ہو۔عید گاہ شریف سے ہمیشہ عشق و اتباعِ رسول ِ مقبول ﷺ اور مخلوقِ خدا کی بہتری و بھلائی کرنے کی تعلیم دی گئی

اور انشا اللہ دی جاتی رہے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز عید گاہ شریف میں منعقدہ ہفتہ وار درسِ حدیثِ مبارک کی محفل سے خطاب کے دوران کیا۔ محفل کے اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن نے وطنِ عزیزکی خوشحالی ، سلامتی، ترقی ، افواجِ پاکستان کی سر بلندی اور اتحاد بین المسلمین کے لئے خصوصی دعا کرائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں