سابقہ حکمرانوں نے مدینہ کی ریاست کا نام لیکر اور کھوکھلے نعرے لگا کر ملک کو مہنگائی اور بے روزگاری کے بحرانوں میں دھکیل دیا ہے، راجہ پرویز اشرف
دولتالہ(نامہ نگار)اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ سابقہ حکمرانوں نے مدینہ کی ریاست کا نام لیکر اور کھوکھلے نعرے لگا کر ملک کو مہنگائی اور بے روزگاری کے بحرانوں میں دھکیل دیا ہے،بڑے بڑے جھوٹ بول کر عوام کو اپنی طرف راغب کیا گیا اور نا اہلی سے عوام کی زندگی کو مشکل بنا گئے،کبھی نیا پاکستان بنانے کا سبز باغ دکھایا گیا،لاکھوں گھر اور کروڑوں نوکریاں دینے کے دلفریب نعرے لگائے گئے،مگر ملک میں ایک بھی بڑا ترقیاتی کام نہیں ہو سکا،عوام با شعور ہیں
اب انہیں جھوٹ بول کر انہیں بے وقوف نہیں بنا سکتا،اتحادی حکومت اس مشکل ترین صورتحال میں سیاسی مفادات کو پس پشت ڈال کر عوامی مسائل کو زمینی حقائق کے مطابق حل کر رہے ہیں اور امید ہے ملک جلد ہی بحرانی کیفیت سے باہر نکل آئے گا،وہ گزشتہ روز دولتالہ کے نواحی علاقہ مستالہ میں گوجر خان کیلئے نئے اپ گریڈ شدہ سوئی گیس سیفٹی مینجمنٹ سسٹم (SMS) کا افتتاح کرنے کے بعد عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے،
منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئے اپ گریڈ شدہ سوئی گیس سیفٹی مینجمنٹ سسٹم (SMS) کے افتتاح سے علاقے میں گیس کی لوڈشیڈنگ، کم پریشر و دیگر مسائل کا حل ممکن ہوسکے گا۔ گوجر خان میں عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے اُٹھائے جانے والے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ گوجر خان میں صحت، تعلیم و دیگر سہولیات کے فقدان کو جلد ختم کر دیا جائے گا،
گوجر خان میں ‘پنجاب یونیورسٹی کے ذیلی کیمپس’ اور ‘وویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال’ کے قیام سے علاقے کی عوام کی پریشانیاں دور ہوں گی، علاقے کی عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے تمام تر وسائل کو بروئیکار لایا جارہا ہے،اسپیکر کا کہنا تھا کہ سیاست کا مقصد عوام کو بہتر زندگی کی فراہمی ہے۔ عوام کے لیے آسانیاں فراہم کرنا اور علاقے کی مشکلات کو کم کرنا ہماری ترجیح ہے،
اپنی عوام کی خدمت، ان کو درپیش مشکلات و تکالیف کے حل کے لیے مل کر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے،سیاست میں مخالفت ہوتی ہے، ہم ہر جماعت ہر سیاست دان کی عزت کرتے ہیں، سیاست ہر جماعت کا حق ہے پر ایسی تنقید سے گریز کرنا ہوگا جس سے کسی کی دل آزاری ہو،سیاسی اختلاقات و مفادات سے ہٹ کر عوام کی خدمت ہی ہمارا مقصد ہونا چاہیے