عمران خان کو صادق امین کا سرٹیفکیٹ دینے والوں کا کردار بھی سامنے آگیا: رہنما پیپلز پارٹی
عمران خان کو صادق امین کا سرٹیفکیٹ دینے والوں کا کردار بھی سامنے آگیا: رہنما پیپلز پارٹی
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے پی ٹی آئی کے ممنوعہ فنڈنگ کیس کے الیکشن کمیشن کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔
پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما شازیہ مری نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو پہلے سے پتہ تھا کہ وہ مجرم ہیں، تحریک انصاف نے جو بھی بیان حلفی جمع کروائے سب جھوٹے ہیں، عمران خان نے عارف نقوی سے دو ملین ڈالر ممنوعہ فنڈز لیے، عمران خان بیرون ممالک سے فنڈنگ لے کر غیر ملکی ایجنڈے پر کام کر رہے تھے، الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے عمران خان جھوٹے ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر خورشید شاہ نے پریس کانفرنس کے دوران عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیا ان کا کہنا تھا کہ آئینی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ آئین کے مطابق فیصلہ کریں،الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد گیند آئینی اداروں کی کورٹ میں ہے۔
عمران خان کو صادق و امین کا سرٹیفکیٹ جاری کرنیوالوں کا کردار بھی سامنے آگیا: نیر بخاری
ادھر پی پی رہنما نئیر بخاری نے کہا کہ صادق و امین قرار پانے والا عمران خان جھوٹا ثابت ہوا ہے، الیکشن کمیشن کے فیصلے سے عمران خان کو صادق و امین کا سرٹیفکیٹ جاری کرنے والوں کا کردار بھی سامنے آگیا ہے۔
شرجیل انعام میمن نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ثابت ہو گیا عمران خان نے قوم سے دھوکہ کیا، سچ کو چھپایا نہیں جا سکتا، عمران خان کو صادق اور امین کے جھوٹے سرٹیفکیٹ دیے گئے، الیکشن کمیشن نے عمران نیازی کے بیان حلفی کو غلط قرار دے دیا ہے، عمران خان نے ناصرف قوم بلکہ اوورسیز پاکستانیوں کے جذبات سے کھیل کر اپنی جیبیں بھری ہیں۔