شہباز گِل پر تشدد کی شہادتیں، سرٹیفکیٹس اور تصویریں متعلقہ حکام کو دے رہے ہیں: فواد
شہباز گِل پر تشدد کی شہادتیں، سرٹیفکیٹس اور تصویریں متعلقہ حکام کو دے رہے ہیں: فواد
اسلام آباد: رہنما پاکستان تحریک انصاف فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی سینیئر لیڈر شپ کی بیٹھک ہوئی جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔
فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ شہباز گِل پر بہیمانہ تشدد کی مذمت کرتے ہیں، اطلاعات پریشان کن ہیں، اطلاعات ہیں کہ ذہنی اور جسمانی تشدد کے ساتھ ساتھ جنسی تشدد بھی کیا گیا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ شہباز گل کو برہنہ کرکے تشدد کا نشانہ بنایاگیا، کسی بھی جماعت کا شخص ہو اس پر تشدد ناقابل قبول ہے۔
انہوں نے کہا کہ کل مغرب کے وقت ڈویژنل ہیڈکوارٹرز سے ریلیاں نکلیں گی،عمران خان خطاب کریں گے، یہ ممکن ہی نہیں کہ کوئی ٹارچر کی حمایت کرسکے، شہباز گل پر تشدد سے متعلق تمام جماعتوں کی طرف سے مذمت آرہی ہے، شہادتیں، جن میں سرٹیفکیٹس اور تصویریں شامل ہیں، وہ متعلقہ حکام کو دی جارہی ہیں، کل عمران خان اس تشدد کیخلاف ریلی کی قیادت کریں گے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ریلیاں دو نکات پر ہیں، ایک تشدد اور دوسرا صحافت کا گلا گھونٹے کےخلاف ہیں۔ پرسوں تحریک انصاف راولپنڈی میں بھی جلسہ کر رہی ہے، راولپنڈی جلسے کے بعد جلسوں کا سلسلہ شروع ہوگاجو 10ستمبر تک جاری رہے گا، 10 ستمبر سے پہلے ہم سمجھتے ہیں کہ اس حکومت کا خاتمہ ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے انتخابات ہی واحد سیاسی طریقہ ہے جس سے پاکستان کو سیاسی استحکام دے سکتے ہیں۔