میڈیا پالیسی 2021 کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا، عمر سرفراز چیمہ
لاہور (سٹاف رپورٹر)ریاست ہر طبقے کو برابر جانتی ہے ریجنل میڈیا ہو یا نیشنل میڈیا ہمارے لئے سب کا احترام یکساں ہے ،ریجنل اخبارات کے مسائل بھی اتنے ہی اہم ہیں جتنے نیشنل میڈیا کے مسائل، ان خیالات کا اظہار مشیر اطلاعات وزیر اعلی پنجاب اور سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ نے نیوزپیپرز اینڈ پیریاڈیکلز ایسوسی ایشن آف پاکستان(NPA ) کے چیئرمین مدثر اقبال بٹ اور صدر این پی اے پنجاب سید شہزاد شیرازی سے ہونے والی ایک ملاقات میں کیا ۔ان کا کہنا تھا کہ میڈیا پالیسی2021 کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔
کوئی چیز حرف آخر نہیں ہوتی جب بھی کوئی قانون بنتا ہے اس میں کسی خامی کا رہ جانا قدرتی عمل ہے اس لئے 2021 کی میڈیا پالیسی کو دوبارہ ری وزٹ کریں گے ۔ان کا کہنا تھا ریجنل اخبارات مقامی عوام کے مسائل کو ارباب اختیار تک پہنچانے میں اپنا اہم کردار ادا کرتے ہیں اور مقامی سیاسی قیادت کی آواز بن کر لوگوں تک پہنچتے ہیں۔ ریاست اور حکومت دونوں اس کی افادیت کے قائل ہیں ان کا مزید کہنا تھا
کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود اور آزادی صحافت کو قائم رکھنا ہماری بنیادی ذمہ داری ہے اس کیلئے ہر طرح کی قانون سازی بھی کریں گے اور موجودہ قوانین پر عمل درآمد بھی یقینی بنایا جائے گا۔ چیئرمین این پی اے پاکستان مدثر اقبال بٹ نے مشیر اطلاعات کو دفتر این پی اے آنے کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کرلیا اور کہا کہ وہ جلد این پی اے ہیڈ آفس کا دورہ کریں گے