عمران خان نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کو بہت نقصان پہنچایا، کیپٹن عاصم ملک
لاہور(بیورورپورٹ) عمران خان پاکستانی تاریخ کا پہلا سیاستدان ہے جس نے اپنے الٹے سیدھے بیانات کی وجہ سے نہ صرف پاکستان میں اپنے حمایتیوں کو مایوس کیا بلکہ بیرونی دنیا میں پاکستان کی بہترین ساکھ کو بھی خراب کرنے کی کوشش کی، یہ باتیں معروف پاکستانی سیاستدان اور اوورسیزپاکستانیز کمیشن پنجاب کے سابق چیف کوارڈینیٹر برائے مڈل ایسٹ کیپٹن عاصم ملک نے کیں،
انہوں نے کہا کہ پچھلے پونے چارسال میں انتہائی ناقص کارکردگی کا ملبہ عمران خان نے موجودہ حکومت کے کندھوں اور بیرونی سازشوں پر ڈال کر اپنی نالائقی کو چھپانے کی کوشش کی اور اپنے ورکروں کو یہ بتانے کی کوشش کی کہ ان کی حکومت بین الاقوامی سازش کے تحت ختم کی گئی ہے حالانکہ ان کے دور حکومت میں کیے گئے ان کے ناقص اقدامات ہی ان کی حکومت کے خاتمے کا سبب بنے،
آج عمران خان کے ان اقدامات کی وجہ سے پاکستان بین الا قومی سطح پر بہت برے نتائج بھگت رہا ہے موجودہ حکومت اور وزیراعظم شہباز شریف اس منفی تاثر کو ختم کرنے کیلئے بھرپور کام کر رہے ہیں، آج دوبارہ ان ممالک اور اسلامی دنیا سے تعلقات بحال ہو رہے ہیں جن سے عمران خان کے دور میں تعلقات ختم ہوچکے تھے
یا انتہائی کشیدہ ہو چکے تھے، کیپٹن عاصم ملک نے کہا کہ پاکستانیوں کو یہ سوچنا ہوگا کہ اگر یہ شخص دوبارہ اقتدار میں آیا تو باقی دنیا کے ساتھ بھی رہے سہے تعلقات ختم ہو جائیں گے