50

صدر نے سمری پر دستخط کردیے، جنرل عاصم منیر آرمی چیف مقرر

صدر نے سمری پر دستخط کردیے، جنرل عاصم منیر آرمی چیف مقرر

صدر مملکت عارف علوی نے اہم تقرریوں سے متعلق سمری پر دستخط کردیے ہیں جس کے بعد جنرل عاصم منیر نئے آرمی چیف  اور جنرل ساحر شمشاد چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی مقرر ہوگئے ہیں۔

خیال رہے کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور آرمی چیف کی تقرری کی سمری ایوان  آج صدر کو موصول ہوئی تھی جس کے بعد صدر عارف علوی نےلاہور میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اور پھر واپس اسلام آباد پہنچ گئے۔

صدر مملکت عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 243 کے تحت وزیراعظم کی ایڈوائس پر منظوری دی۔

صدر مملکت کی جانب سے سمری کی منظوری دیے جانے کے بعد وزیراعظم ہاؤس آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹس چیفس کی تعیناتیوں کا نوٹیفکیشن جاری کرےگا۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ جنرل عاصم منیر کی آج ہی وزیر اعظم اور صدر مملکت سے ملاقات ہوگی، جنرل ساحر شمشاد بھی صدر اور  وزیراعظم سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔

پاک فوج کے نئے سپہ سالار جنرل عاصم منیر کی پیشہ ورانہ زندگی پر ایک نظر

جنرل عاصم منیر پہلے آرمی چیف ہیں جو ملٹری انٹیلی جنس اور آئی ایس آئی میں رہ چکے ہیں،فوٹو: فائل
جنرل عاصم منیر پہلے آرمی چیف ہیں جو ملٹری انٹیلی جنس اور آئی ایس آئی میں رہ چکے ہیں،فوٹو: فائل 

 جنرل عاصم منیر منگلا ٹریننگ اسکول سے پاس آؤٹ ہوئے اور انہوں نے فوج میں فرنٹئیر فورس رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا۔

انہوں نے موجودہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ماتحت بریگیڈیئر کے طور پر فورس کمانڈ ناردرن ایریاز میں فوج کی کمان سنبھالی، انہیں 2017 میں ڈی جی ملٹری انٹیلی جنس مقرر کیا گیا اور اکتوبر 2018 میں آئی ایس آئی کا سربراہ بنا دیا گیا تاہم وہ مختصر عرصے کیلئے اس عہدے پر فائض رہے۔

آئی ایس آئی کی سربراہی کے بعد جنرل عاصم منیر کو کور کمانڈر گوجرانوالہ تعینات کیا گیا اور دو سال بعد وہ جی ایچ کیو میں کوارٹر ماسٹر جنرل کے عہدے پر تعینات ہوئے اور ابھی بھی اسی عہدے پرکام کررہے ہیں۔

جنرل عاصم منیر پہلے آرمی چیف ہیں جو ملٹری انٹیلی جنس اور آئی ایس آئی میں رہ چکے ہیں، جنرل عاصم منیر پہلے آرمی چیف ہیں جو اعزازی شمشیر یافتہ ہیں۔ وہ حافظ قرآن بھی ہیں۔

نئےچیئرمین جوائنٹ چیفس لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد کے کیرئیر پر ایک نظر

جنرل ساحر شمشاد مرزا نے ٹی ٹی پی اور دیگردہشت گرد گروپوں کے خلاف آپریشنز سپروائز کیے،فوٹو: فائل
جنرل ساحر شمشاد مرزا نے ٹی ٹی پی اور دیگردہشت گرد گروپوں کے خلاف آپریشنز سپروائز کیے،فوٹو: فائل

جنرل ساحر شمشاد مرزا نے اپنے فوجی کیرئیر کا آغاز 8 سندھ رجمنٹ سے کیا اور  وہ پی ایم اے سے تربیت مکمل کرکے پاک فوج میں شامل ہیں جب کہ فور اسٹار جنرلز کی تعیناتی کی سنیارٹی لسٹ میں جنرل ساحر دوسرے نمبر پر تھے۔

جنرل ساحر شمشاد مرزا ستمبر 2021 سے کورکمانڈر راولپنڈی ہیں، وہ جون 2019 میں چیف آف جنرل اسٹاف کے عہدے پرفائز ہوئے جب کہ مختصرمدت کیلئے ایڈجوٹنٹ جنرل جی ایچ کیو بھی رہے۔

 جنرل ساحر شمشاد مرزا اکتوبر 2018 میں وائس چیف آف جنرل اسٹاف تعینات ہوئے، انہوں نے 2015 تا 2018 ڈی جی ملٹری آپریشنز خدمات انجام دیں، ساحر شمشاد مرزا نے بطورلیفٹیننٹ کرنل، بریگیڈیئراور میجرجنرل ملٹری آپریشنز ڈائریکٹوریٹ میں خدمات انجام دیں۔

جنرل ساحر شمشاد مرزا نے ٹی ٹی پی اور دیگردہشت گرد گروپوں کے خلاف آپریشنز سپروائز کیے اور  وہ انٹرا افغان ڈائیلاگ میں بھی متحرک کردار ادا کرتے رہے۔

جنرل ساحر شمشاد مرزا گلگت بلتستان اصلاحات کمیٹی کا بھی حصہ رہے، انہوں نے جی او سی 40 انفینٹری ڈویژن اوکاڑہ میں بھی خدمات انجام دیں، وہ سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف کے دور میں ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز رہے ہیں۔

ساحر شمشاد اس وقت پاک فوج کی ٹین کور راولپنڈی کے کور کمانڈر ہیں۔

https://youtu.be/XpdhsaKvH-8

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں