34

حضور نبی کریم ﷺ کے میلاد پاک کے سلسلہ میں عظیم الشان ماہانہ محفلِ بارہویں شریف کا انعقاد دربارِ عالیہ عید گاہ شریف میں کیا گیا

حضور نبی کریم ﷺ کے میلاد پاک کے سلسلہ میں عظیم الشان ماہانہ محفلِ بارہویں شریف کا انعقاد دربارِ عالیہ عید گاہ شریف میں کیا گیا

راولپنڈی (فائزہ شاہ کاظمی بیوروچیف) حضور نبی کریم ﷺ کے میلاد پاک کے سلسلہ میں عظیم الشان ماہانہ محفلِ بارہویں شریف کا انعقاد دربارِ عالیہ عید گاہ شریف میں کیا گیا جس کی صدارت سجادہ نشین پیر محمد نقیب الرحمن نے کی اور اپنے خطاب میں کہا کہ عید گاہ شریف کا ایک ہی مشن ہے کہ کائنات کے ذرے ذرے کو عشقِ رسولِ مقبول ﷺ سے منور کیا جائے اور امتِ مسلمہ کا تعلق اس کے روحانی مرکز مدینہ منورہ سے مضبوط سے مضبوط تر کیا جائے

۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کیا کہ آج حضور نبی رحمت ﷺ کے جس عظیم الشان میلاد پاک میں ہم اکھٹے ہیں یہی وہ عظیم محافل ہیں جو ربِ رحمن کی بے پناہ رحمتوں اور برکتوں کے حصول کا ذریعہ ، مسلمانانِ عالم کو متحد کرنے والی ، احترامِ انسانیت اور ہر قسم کی خیر و خوبی کو فروغ دینے والی محافل ہیں۔ امتِ مسلمہ کے پاس دین و دنیا میں سر خرو ہونے کے لئے غلامیِ رسولِ مقبول ﷺ کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے۔ زندگی کا ہر معاملہ چونکہ رحمتِ الہی سے مشروط ہے

اور اللہ تعالیٰ کی رحمت حضور نبی کریم ﷺ ہیں لہذا حضور نبی کریم ﷺ کے ارفع و اعلیٰ وسیلے کے بغیر حصول رحمتِ الہی ممکن نہیں ہے۔ عشقِ رسولِ مقبول ﷺ نے ہر دور کے مسلمانوں کے جذبہِ ایمانی کو حرارت و تقویت بخشی اور تا قیامِ قیامت یہی جذبہ مسلمانان عالم کے دلوں کی دھڑکن اور سروں کا تاج رہے گا۔

موجودہ وقت کا تقاضا ہے کہ امتِ مسلمہ عشق و اطاعتِ رسولِ کریم ﷺ سے اپنے عمل و کردار کو سنوارے اور مخلوقِ خدا کی فلاح و بہبود جو کہ تمام تعلیماتِ نبوی ﷺ کی روح ہے ، کے لئے ہر ممکن کوشش کرے۔اعمال کی مقبولیت کا تعلق عقائد کے ساتھ ہے جس کے لئے ہمارے پاس مشعلِ راہ اہلِ بیت اطہار و صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ اجمعیٰن کے عقائد ہیں۔ توحید پرست در حقیقت وہ ہیں جو آپ ﷺ کی غلامی و محبت کے رنگ میں رنگے ہوئے ہیں

اور جن کے ہاتھ میں دامنِ مصطفی ﷺ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے UKاور یورپی ممالک کے تبلیغی دورے سے واپسی پر عید گاہ شریف میں منعقدہ پہلے ماہانہ محفلِ بارہویں شریف کے عظیم الشان روحانی اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ UKو یورپی ممالک کے تبلیغی دورے کا مقصد بھی حضور نبی کریم ﷺ کی

اعلیٰ ترین نورانی تعلیمات کو مخلوقِ خدا تک پہنچانا اور سمندر پار بسنے والے پاکستانیوں کی توجہ اس طرف مبذول کروانا تھا کہ دیارِ غیر میں بسنے والے پاکستانی دینِ متین کے سپاہی اور وطنِ عزیز کے سفیر ہیں اور آپ سب نے اپنے اچھے اخلاق و کردار ، دوسروں کے کام آنے کے جذبے اور مخلوقِ خدا کی فلاح و بہبود کے لئے اپنا مثبت کر دار ادا کرنا ہے جو دینِ متین اور وطنِ عزیز کی اقوامِ عالم میں سر بلندی کا باعث ہو۔ اس عظیم الشان روحانی اجتماع میں کثیر تعداد میں علمائے کرام جن میں قاری محمد سلیم شہزاد،حافظ محمد اقبال رضوی، پروفیسر عبدالقیوم، علامہ ضمیر اختر رانا، خواجہ وجاہت جمیل و دیگر،

نعت خوانانِ عظام جن میں حافظ محمد رضوان، حافظ محمد عامر شہزاد ، عبد الکبیر نقشبندی، حافظ غلام مصطفی و دیگر ، عوام الناس، وابستگانِ عید گاہ شریف اور خواتین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ محفل کا اختتام درود و سلام کے بعد پیر محمد نقیب الرحمن کی وطنِ عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی اورمتاثرین سیلاب کی آباد کاری کے لئے خصوصی دعا پر ہوا جس کے بعد وسیع و عریض لنگر کا اہتمام بھی تھا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں