Site icon FS Media Network | Latest live Breaking News updates today in Urdu

اداکارہ عاصمہ منیر زبرین کی کامیابی کے لیے پُر اُمید

اداکارہ عاصمہ منیر زبرین کی کامیابی کے لیے پُر اُمید

اعجاز احمد بلوچ گڈانی کے ساحل پر ۔ 2022 ء میں پی ٹی وی بولان کے یادگار ڈرامے ، پروگرامز اور لائیو شوز ۔ محمد ایوب بابئی ، فہیم شاہ ، جواد علی ہزارہ اور منیر حسین کی بہترین حکمت عملی ۔ سٹوڈیوز کی رونقیں بحال رہیں ۔ قومی و مذہبی تہواروں سمیت قدرتی آفات پر انتھک خدمات ۔ یہ ہیں آج کے موضوعات

تحریر و تصاویر۔ خالدحسین
پاکستان ٹیلی ویژن کوئٹہ مرکز میں محدود بجٹ کے باوجود بھی سال بھر جاری رہنے والی مختلف ثقافتی سرگرمیاں لائق تحسین ہیں اور اس کوشش میں جنرل منیجر محمد ایوب بابئی ، پروگرام منیجر سید فہیم شاہ ، پی ٹی وی بولان ہیڈ جواد علی ہزارہ ، سینئر پلاننگ آفیسر منیر حسین سمیت پروڈیوسرز اور پی ٹی وی انتظامیہ کی بھر پو ر کوششیں شامل ہیں جس پر اُنہیں مبارکباد پیش کرتے ہیں اور توقع کی جاتی ہے

کہ آئندہ سال بھی اسی جوش وجذبے سے سٹوڈیوز کی رونقیں بحال رہیں گی اور صوبے کے واحد ٹیلی ویژن چینل پر ناظرین کو نت نئے آئیڈیاز دیکھنے اور اُن میں بھر پور شرکت کا موقع ملے گا یہ قابل زکر ہے کہ پی ٹی وی بولان صوبہ بلوچستان کا واحد لوکل چینل ہے جوکہ میں بولی جانے والی تمام زبانوں ، قوموں کی نمائندگی کے ساتھ ساتھ مختلف مذہبی تہواروں کے موقع پر رنگا رنگ پروگرامز اور شوز پیش کرنے میں اپنی مثال آپ ہے اور اس کی شاندار خدمات کا ہر فرد معترف ہے اور نا صرف ملکی بلکہ بین لاقوامی سطح پر بھی کروڑوں ناظرین اس کی نشریات سے محضوظ ہوتے ہیں

اور لائیو کالز کے ذریعے ان شوز میں اپنی شرکت کو یقینی بناتے ہیں جوکہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پی ٹی وی بولان اُ ن کا ناصرف صوبے میں بلکہ ملکی و بین الاقوامی سطح پر پسندیدہ چینل ہے ۔ سال 2022 ء میں پی ٹی وی بولان نے اپنے ناظرین کے لیے سینئر پروڈیوسرجمال ترین کی ہدایات میں آصف جہانگیر کے تحریر کردہ ملٹی لینگوئج ڈرامہ سیریل دنیا بندی خانہ جیسابالکل ایک نیا سیریل پیش کیا

جس میں بولی جانے والی تمام زبانوں کو نمائندگی دی گئی اور ایک ہی ڈرامے میں پشتو ، بلوچی ، براہوئی ،فارسی، سندھی ، پنجابی ، سرائیکی ، انگریزی ، ہندکو سمیت بعض دیگر زبانوں میں مکالمے پیش کرکے ایک نئی روایت قائم کی جسے ناظرین نے بے حد سراہا اور پسند کیا اس ڈرامہ سیریل کے ایگزیکٹیو پروڈیوسر محمد ایوب بابئی تھے

اوراس نئی کوشش کو عملی جامہ پہنانے کے لیے صوبے میں ہرزبان سے تعلق رکھنے والے فنکار کو اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کا بھر پور موقع دیا جس سے وہ فنکار جو ایک طویل عرصہ سے پی ٹی وی کو خیر باد کہہ گئے تھے

وہ ایک بار پھر جلوہ گر ہوئے ۔ اسی سال سینئر پروڈیوسر جاوید شاہ نے حلیم مینگل کا تحریر کردہ بلوچی میگا ڈرامہ سیریل صباء کا آغاز کیا یہ ایک ایسی سیریل ہے جس کی ریکارڈنگ ملک کے چاروں صوبوں سمیت طول وعرض میں ہوگی اور تاحال اس سیریل کا ایک اسپیل التواء کا شکاررہنے کے بعد آنے والے چند دنوں میں شروع کیا جائے گا اس سیریل کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ صوبے سے تعلق رکھنے والے ملک کے لیجنڈ اداکار ایوب کھوسو نے ایک طویل عرصہ بعدایک بار پھر کسی بھی لوکل ڈرامہ سیریل میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے

سینئر پروڈیوسر لیاقت بادینی کی ہدایات میں ملک کے مشہور ومعروف ڈرامہ نگار ظفر معراج کی تحریر کردہ سیریل بخت کی ریکارڈنگ پر کام کیا گیا جوکہ عنقریب ناظرین کی خدمت میں پیش کی جائے گی ، سینئر پروڈیوسر شمس اللہ کاکڑ کی پشتو ڈرامہ سیریل اُشکی د خندااور شمس اللہ ہی کا سنگل پشتو رومانوی داستان پر مشتمل ڈرامہ موسیٰ جان گل مکئی ، نوجوان پروڈیوسر اعجاز احمد بلوچ کا سنگل ڈرامہ مس کال اور زیبل سمیت ڈرامہ پِڈی اور حال ہی میں اُن کا ایک نیا بلوچی منی ڈرامہ سیریل زبرین جوکہ گڈانی میں ریکارڈ کیا جائے گا ،

سینئر پروڈیوسر عبدالمنان دہوار کا پروگرام بولان نا مسافر جسے معروف کمپیئر عثمان لہڑی نے بہت شاندار انداز سے پیش کیا ہے بہت پسند کئے گئے اس سمیت ڈھیروں نئے ڈرامے اور پروگرامزشامل ہیں ۔ 2022 ء میں پی ٹی وی بولان سے قدرتی آفات، قومی ومذہبی تہواروں پر بھی مثالی شوز اور ریکارڈ کئے گئے پروگرامز پیش کئے گئے ان میں23 مارچ، یوم آزادی ، عید الفطر اور عید الاضحی پر شوز اور ڈرامہ ، پشتون ، بلوچی کلچرل ڈے ،

یوم دفاع، اقبال ڈے ، قائد اعظم ڈے ، کرسمس ، پی ٹی وی بولان کی سالگرہ ، پی ٹی وی کی سالگرہ ، محرام الحرام ، رمضان المبارک اور سب سے بڑھ کر سیلاب کی تباہ کاریوں پر میراتھن ٹرانسمشن شامل رہے ان شوز کو یقینی بنانے میں پی ٹی وی بولان ہیڈ جواد علی ہزارہ ، بلوچ خان جمالدینی ، میر احمد کاکڑ، ذیشان شاہ ،جمال ترین، ساجد ملک ، اعجاز احمد بلوچ، منظور ترین ودیگر شامل تھے ۔
قارئین ۔ نوجوان اور باصلاحیت پروڈیوسر اعجاز احمد بلوچ ان دنوں ریاض احمد ساگر کا تحریر کردہ 7 اقساط پر مشتمل بلوچی منی ڈرامہ سیریل زبرین کے ریکارڈنگ شیڈول کو حتمی شکل دے چکے ہیں اس سیریل کے ایگزیکٹیو پروڈیوسر فہیم شاہ ہیں سیریل کی ریکارڈنگ بلوچستان کے ساحلی علاقے گڈانی میں ہوگی

اس سیریل میں نئے چہروں کی اکژیت شامل ہے جب کہ بعض نامور چہروں کو بھی شامل کیا گیا ہے ان میں کراچی کے علاقے لیاری سے تعلق رکھنے مشہور ومعروف اداکار دانش بلوچ بھی شامل ہیں دانش بلوچ کے بارے میں بتاتا چلوں کہ وہ خود ایک مشہورڈائریکٹر و رائٹر ہیں اور بلوچی زبان کے لیے اُن کی خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں ہے دانش بلوچ کی پی ٹی وی بولان کے لیے موجودگی اور حالیہ خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور یقینا صوبے کے نئے ٹیلنٹ کو اُن سے سیکھنے کا بہت موقع ملے گا

اسی ڈرامہ سیریل میں زبرین کا مرکزی کردار اد اکرنے والے نوجوان اداکار شاہ بلوچ ہیں جوکہ کراچی میں بننے والی اُردو فلم دودا میں ایک اہم کردار ادا کرچکے ہیں یہ فلم کراچی کے سینما گھروں کی زینت بن چکی ہے جسے شائقین نے بے بہت پسند کیا ہے پی ٹی وی بولان کے بلوچی ٹائم کے ناظرین بہت جلد شاہ بلوچ کو اپنے ٹیلی ویژن سکرین پر دیکھ سکیں گے اس سیریل میں کراچی ہی سے تعلق رکھنے والی نوجوان اور اُبھرتی ہوئی اداکارائیں ثناء بلوچ اور عاصمہ منیر جب کہ ننھی ادارکاہ اُمہ سلمیٰ بھی شامل ہوں گی

جو شانتل کا کرداراداکریں گی اس سیریل میں عباس ملک ، ریاض ساگر، شمائلہ چاکر، پروفیسر طاہر بلوچ، حمید جمال ، ناصر مینگل ، مہر انساء بھی شامل ہوں گے ۔قارئین ۔ ڈرامہ سیریل زبرین میں مرکزی کردارادا کررہی خوبرو اداکارہ عاصمہ منیر کے بارے میں بتا تا چلوں کہ ان کاتعلق کراچی سے ہے اس نوجوان اداکارہ نے مجھے دیئے گئے انٹرویو میں بتا یا کہ شوبز میں کسی شوق کے تحت نہیں آئی تھی بس یہ انٹری ایک حادثاتی انٹری تھی جب 2010 ء میں اپنی ایک سہیلی کے ساتھ نجی ٹی وی چینل کے ٹاک شو میں گئی

اور پھر وہیں سے میں نے شوبز میں قدم رکھا اور ایک نجی ٹیلی ویژن چینل کے مارننگ شو کی میزبانی کی اور یوں میزبانی سے اداکاری کی طرف اپنا سفر شروع کیا اُنہوں نے بتا یا کہ مجھے لائیو شو کی میزبانی بہت پسند ہے کیونکہ وہاں لفظوں سے کھیلنا ہوتا ہے اور اداکاری میں زیادہ عمل دخل اسکرپٹ کا ہوتا ہے اور کردار کی مناسبت سے اپنے آپ کو اُس میں ڈھالنا پڑتا ہے اگرچہ کئیریر کے ابتدائی دنوں میںاداکاری مشکل دکھائی دیتی تھی

مگر مسلسل کوشش اور سیکھنے کا عمل ہر مشکل کام کو سہل بنا دیتا ہے اب تک پی ٹی وی ، پی ٹی وی ہوم ، نجی ٹیلی ویژن چینلز پر بے شمار سندھی اُردو،بلوچی ڈراموں ،آرٹس کونسل کے تھیٹر ڈراموںمیں اداکاری اور ترکش ڈراموں میں وائس اوورپر کام کرچکی ہوں ۔ میرے سوال کے جواب میں اُنہوں نے بتایا کہ سینئرز سے سیکھنے کا بہت موقع ملا ہے جب میں فلم کررہی تھی تو عدنان شاہ ٹیپونے مجھے کردار نبھانے میں بڑا ساتھ دیا

اور پرموڑ پر میری رہنمائی کی اسی طرح صائمہ نور ،عدنان جیلانی ،قاضی واجد ،شبیرجان سے بہت کچھ سیکھااُنہوں نے بتایا کہ جب پی ٹی وی کوئٹہ کے لیے جاوید شاہ کے ڈرامہ سی پیک میں کام کررہی تھی تو وہاں ظاہر لہڑی ، رفیق شاد جیسے نامور فنکاروں نے بہت رہنمائی کی ،کوئٹہ ٹی وی کے ڈرامہ سی پیک سے متعلق میرے سوال پر اُنہوں نے بتا یا کہ پی ٹی وی اور پی ٹی وی بولان کے لیے وہ میراپہلا پروجیکٹ تھا

اور جاوید شاہ کا رویہ اور ڈائریکشن اور ٹیم ورک سے مجھے ایسابالکل بھی نہیں لگا کہ یہ ان کے ساتھ میرا پہلاپروجیکٹ ہے جاوید شاہ اور اُس کی ٹیم سے بہت کچھ سیکھنے کاموقع ملا سی پیک ڈرامے میں ہانی بلوچ بھی تھیں اور یہ پروجیکٹ ہم سب کے لیے آج بھی بہت یادگار ہے ، بلوچی ڈرامہ سیریل زبرین سے متعلق سوال کے جواب میں اُنہوں نے بتا یاکہ اعجاز احمد بلوچ ایک باصلاحیت پروڈیوسر ہیں

اور اُن کے ساتھ یہ میرا پہلاپروجیکٹ ہے اور پی ٹی وی بولان یا کسی بھی چینل کے لیے زبرین میراپہلا بلوچی ڈرامہ سیریل ہوگا اگرچہ اس سے قبل اُردو، سندھی میں زیادہ کام کا موقع ملاہے جب کہ بلوچی زبان میں قدرے کم کام کیاہے مجھے اس سیریل سے کافی توقعات وابستہ ہیںاور انشااللہ یہ سیریل ناظرین کو بہت پسند آئے گا

اُنہوں نے بتایا کہ یہ میرے لیے بڑی خوش آئند بات ہے اُنہوں نے بتایا کہ2019 ء میں اُردو فلم تلاش میں کام کیا جوکہ سو سے زائد ممالک میں دیکھی گئی ہے اور اُسے اس قدر پسند کیا گیا تھا کہ یو این اوسے مجھے سراہا گیا جوکہ میری زندگی کا ایک خوبصورت لمحہ تھا ۔پاکستان فلم انڈسٹری کی زبوں حالی سے متعلق اُنہوں نے بتا یا کہ وہاں نئے ٹیلنٹ اور جدیدٹیکنیک کی کمی ہے جس کی وجہ سے ناتو جدت دیکھنے کو مل رہی ہے

اور نہ ہی نئے آئیڈیاز پر کام ہورہا ہے یہی وجہ ہے کہ فلم انڈسٹری ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوپارہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں اُنہوں نے بتا یا کہ وہ صائمہ نور اور ایوب کھوسہ کی فنی صلاحیتوں سے متاثر ہیں اُنہوں نے مزید بتا یا کہ شوبز میں شادی کے بعد قدم رکھا ہے اور اپنے آپ کو ایک خوش نصیب عورت سمجھتی ہوں میری فیملی نے ہر موڑپر میرابھر پور ساتھ دیاہے خاص طور پر میرے والدین ،

شوہر ،بچوں ا ور سسرالیوں نے مجھے بہت سپورٹ کیا اور آج اُنہی کے تعاون سے کامیابی کی سیڑھیاں عبور کررہی ہوںنئے فنکاروں سے متعلق عاصمہ منیر نے کہا کہ مسلسل محنت اور کام کی لگن ہی کامیابی کاواحد زینہ ہے فن اداکاری سے دلچسپی رکھنے والے نوجوان اپنے سینئرز سے سیکھیں اور محنت کو اپنا شعار بنائیں

https://www.youtube.com/@FSMediaNetwork/videos

Exit mobile version