Site icon FS Media Network | Latest live Breaking News updates today in Urdu

اتباعِ رسولِ مقبول ﷺ کے ذریعے ہم اپنے دلوں کا تزکیہ اور باطنی طہارت حاصل کر سکتے ہیں، محمد نقیب الرحمن

اتباعِ رسولِ مقبول ﷺ کے ذریعے ہم اپنے دلوں کا تزکیہ اور باطنی طہارت حاصل کر سکتے ہیں، محمد نقیب الرحمن

راولپنڈی (بیورو رپورٹ) دربارِ عالیہ عیدگاہ شریف کے سجادہ نشین و عالمِ اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمد نقیب الرحمن نے کہا ہے کہ خانقاہی نظام نے ہمیشہ مخلوقِ خدا کی تربیت و کردار سازی اس طرح کی کہ اس دنیا میں انسان صرف اور صرف ربِ کریم کی رضا و خوشنودی حاصل کرنے کیلئے آیا ہے

اور یہ سبق دیا جاتا ہے کہ ہم دوسروں کی بجائے اپنا محتسب کیوں نہیں بنتے اور بروزِ قیامت ہمیں دوسروں کے نہیں بلکہ اپنے اعمال کا حساب دینا ہو گا ۔اتباعِ رسولِ مقبول ﷺ کے ذریعے ہم اپنے دلوں کا تزکیہ اور باطنی طہارت حاصل کر سکتے ہیں۔ اسی اتباعِ رسولِ مقبول ﷺ سے حضرت ابو بکر صدیق ؓ فیضیاب ہوئے

اور ہمیشہ کے لئے آپ ؓ کا نامِ نامی چمکتا دمکتا رہے گا۔ حضرت ابو بکر صدیق ؓ نے دربارِ رسالت مآب ﷺ میں اپنا سب کچھ نثار کر کے قیامت تک آنے والی امت کو یہ تعلیم دی کہ سب کچھ عشق و غلامیِ مصطفیٰ ﷺ میں ہی ہے ۔ غلامی مصطفی ﷺ کو اختیار کر کے، مردوں میں سب سے پہلے ایمان لا کر اورمعراج النبی ﷺ کی تصدیق کر کے حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ مقام صداقت و عشق سے سرفراز ہوئے ۔اس ماہِ مبارک کی تاریخ 22 جمادی الثانی کو حضرت ابوبکر صدیقؓ سے نسبت ہے

اور حضرت صدیقِ اکبر ؓؓ کے بے شمار فضائل و مناقب میں یہ باتیں خا ص طور پر قابلِ ذکر ہیں کہ قرآنِ کریم کی 32 آیات میں آپ ؓ کی شان میں نازل ہوئیں ۔ اس موقع پر کراچی سے اپنے ٹیلیفونک خطاب میں قبلہ پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے حضرت ابوبکر صدیق ؓ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضرت ابوبکر صدیق ؓ وہ صحابیِ رسول ﷺ ہیں جن کی چار پشتیں صحابی رسول ﷺہیں، عشرہ مبشرہ میں شمولیت اور بروز ِ قیامت اللہ تعالیٰ کی آپ ؓ پر خصوصی تجلی فرمانا وہ شانیں ہیں جو صرف حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے حصہ میں آئیں۔

حضور نبی کریم ﷺ نے حضرت ابوبکر صدیق ؓ کو اپنے ساتھ دیوانہ وار وارفتگی کے عالم میں محبت کرتے پایا تو غارِ ثور میں قیام کے موقع پر ارشاد فرمایا کہ غم نہ کریں اللہ ہمارے ساتھ ہے اور فرمایا کہ حضرت ابو بکر صدیق ؓ حسنِ اخلاق کے 360 درجوں کا مجموعہ ہیں اور بروزِ قیامت جب ساری مخلوق جنت کے دروازوں کی جانب دیکھ رہی ہو گی کہ کاش کسی دروازے سے داخلہ نصیب ہو جائے تو حضور نبی رحمت ﷺ کا فرمانِ مبارک ہے کہ میرے غلامِ صادق حضرت ابو بکر صدیق ؓ اس عالم میں جنت میں داخل ہوں گے

کہ جنت کا ہر دروازہ یہ آرزو کرئے گا کہ حضرت ابو بکر صدیق ؓ مجھ میں سے گزریںاور ان کا ہاتھ میرے دستِ حق میں ہو گا۔ پیر محمد نقیب الرحمن نے مزید کہا کہ آج بھی اُمت ِ مسلمہ اگر خلوصِ نیت اور سچے دل سے اُسی صدیقی جذبے کو اختیار کر لے تو کوئی وجہ نہیں کہ درپیش تمام چیلینجز سے نمٹا نہ جا سکے اور دین ودنیا کی شرطیہ کامیابی اس کا مقدر نہ بن جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز عید گاہ شریف میں منعقدہ ہفتہ وار درسِ حدیثِ پاک کی محفل کے دوران22 جمادی الثانی کو حضرت ابو بکر صدیق ؓ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کیا۔ محفل سے خواجہ وجاہت جمیل اور راجہ منظور نے خطاب کیا

جبکہ دربارِ رسالت مآب ﷺ میں نعت پاک کا نذرانہ حافظ محمد عامر اور محمد طاہر نے پیش کیا۔ محفل کے اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن نے وطنِ عزیز کی سلامتی ،خوشحالی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی اور اتحاد بین المسلمین کے لئے خصوصی دعاکی ۔

Exit mobile version