37

خانقاہی نظام سے منسلک مخلوقِ خدا کو یہ تعلیم دی جاتی ہے ،پیر محمدنقیب الرحمن

خانقاہی نظام سے منسلک مخلوقِ خدا کو یہ تعلیم دی جاتی ہے ،پیر محمدنقیب الرحمن

راوالپنڈی (بیورو رپورٹ) دربارِ عالیہ عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمدنقیب الرحمن نے کہا ہے کہ خانقاہی نظام سے منسلک مخلوقِ خدا کو یہ تعلیم دی جاتی ہے کہ اپنے ربِ کریم کو دلوں میں بسا لو ۔ رحمت اور توبہ کے دروازے کھلے ہوئے ہیں اور ضرورت اس امر کی ہے

کہ فضا میں پھیلے ہوئے مایوسی کے تعفن کو دور کرنے میں ہم سب اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ لوگوں کے درمیان مایوسی اور نا امیدی پھیلانا اور بالخصوص ہمارا پیارا وطن جس نے ہمیں عزت، وقار، نام اور سب کچھ دیا اس کے متعلق مایوسی کی گفتگو کرنے سے گریز کرنا چاہئے اور ربِ رحمن نے تو خود قرآنِ کریم میں ارشاد فر ما رہا ہے کہ میری رحمت سے نا امیدی نہیں ہے اور اس کی رحمت ہی سے نظامِ کائنات چل رہا ہے

۔ حضور نبی رحمت ﷺ کا فرمان مبارک ہے کہ روزِ قیامت اللہ تعالیٰ سب سے زیادہ ناراض اس شخص سے ہو گا جو زمین پر مایوسی پھیلاتا ہے اور جس سے لوگ نا امید اور مایوس ہوتے ہوں گے۔یہ ہمارا کام نہیں کہ ہم اس بحث میں پڑیں کہ نظام کیسے چلے گا، یہ مخلوق میں کسی کے ذمے نہیں ہے بلکہ خود ربِ رحمن نظام کو چلانے والا ہے۔ ہمیں دوسروں کا محتسب بننے کی بجائے اپنی تخلیق کے مقصد کو سمجھنا چاہئے

کہ ربِ کریم نے ہمیں زندگی صرف اور صرف اس لئے دی ہے تا کہ ہم اس کی عبادت و بندگی کر کے اس کی رضا کو پا لیں، نا امید نہ ہوں اور اپنی فکر کریں کہ ہم اپنے کردار سے فضا کو آلودہ مت کریں بلکہ ایسے اعمال کریں جو اللہ تعالیٰ کی رحمت کے حصول کا موجب بنیں۔ حضور نبی رحمت ﷺ فرماتے ہیں کہ انسانوں کی جانب سے جو شر اور برائی پھیلتی ہے اسے دیکھ کر زمین ربِ رحمان کی بارگاہ میں عرض کرتی ہے کہ میں مخلوق کو ان کے سیاہ اعما ل کی وجہ سے غرق کر لوں اور آسمان عرض کرتا ہے

کہ میں ان پر پتھر بر سا کر ان کو ہلاک کردوں تو ربِ رحمان ارشاد فرماتا ہے کہ اگر اس مخلوق کی تخلیق تم نے کی ہے تو ان کو ہلاک کر دو اور اگر ایسا نہیں ہے تو ان کو چھوڑ دو کیونکہ ان کا خالق میں ہوں ۔ اس حدیثِ مبارکہ کی روشنی میں اگر ہم جائزہ لیں تو یہ بات بالکل واضح ہو جاتی ہے کہ ربِ رحمان کی رحمت سے قطعی طور پر کوئی نا امیدی نہیں اور بے شک اللہ تعالیٰ جمیع گناہوں کو معاف فرمانے والا ہے

۔ ان خیا لات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز عید گاہ شریف میں منعقدہ ہفتہ وار درسِ حدیثِ پاک کی محفل سے خطاب کے دوران کیا۔ محفل سے خواجہ وجاہت جمیل، ماسٹر محمد ارشد اور راجہ منظور نے بھی خطاب کیا جب کہ دربار رسالت مآب ﷺ میں نعت پاک کا نذرانہ حافظ محمد عامر اور محمد طاہرنے پیش کیا ۔ محفل کے اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن نے وطن عزیز کی سلامتی ، خوشحالی ، ترقی ، افواج پاکستان کی سر بلندی اور اتحاد بین المسلمین کیلئے خصوصی دعا کی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں