33

میری آواز بند کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، مجھے جیل سے کوئی ڈر نہیں: عمران خان

میری آواز بند کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، مجھے جیل سے کوئی ڈر نہیں: عمران خان

سابق وزیراعظم عمران خان  نے کہا ہے کہ میری آواز بند کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، مجھے جیل سے کوئی ڈر نہیں، موت بہت قریب سے دیکھی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھاکہ ظلم اور ناانصافی کے خلاف کھڑا ہونا جہاد ہے، مدینہ کی ریاست میں عدل و انصاف آیا پھر خوشحالی آئی، نیلسن منڈیلا نے پتے کی بات کی غربت کم کرنی ہے تو پہلے انصاف لے کر آؤ۔

انہوں نے کہا کہ عدلیہ اور وکلا برادری سے مخاطب ہوں، اللہ نے آپ کو بڑی ذمہ داری سونپی ہے، جس طرف یہ لے کر جا رہے ہیں ملک کا کوئی مستقبل نہیں، قانون و انصاف کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں، معزز ججز اور وکلا سے اپیل کر رہا ہوں، میں آپ سب کیلئے کھڑا ہوں، میری ساری جدوجہد آپ کیلئے ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ میری آواز بھی بند کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، فواد چوہدری کو کیوں گرفتار کیا گیا؟  اس نے کونسا جرم کیا؟ کسی جمہوریت میں یہ جرم ہوتا ہے کہ اس نے چیف الیکشن کمشنر کو منشی کہہ دیا، اعظم سواتی کا کیا قصور ہے کہ اس نے کہہ دیا کہ سابق آرمی چیف نے این آر او ٹو دیا، شہباز گل، ارشد شریف کے ساتھ کیا گیا، بچہ بچہ جانتا ہے ارشد شریف جیسا خوددار، دیانت دار محب وطن شاید ہی کوئی صحافی آیا ہو، مجھ پر قاتلانہ حملہ کیوں کیا گیا میں نے کیا جرم کیا تھا؟ قوم کو کہہ رہا ہوں آپ کا مستقبل آپ کے ہاتھ میں ہے، آپ اللہ کے بعد اس ملک کے وارث ہیں۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھاکہ میں یقین دلاتا ہوں مجھے جیل سے کوئی ڈر نہیں ہے، موت بہت قریب سے دیکھی ہے، جب اللہ کا فیصلہ ہوگا، ٹائم نہ آگے ہوگا نہ پیچھے، مجھے اس کی کوئی فکر نہیں، مجھے جیل لیکر جانے لگے ہیں اس کی کوئی فکر نہیں، آپ کو بھی جیل سے ڈرنا نہیں چاہیے، کتنوں کو جیل میں ڈالیں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ عدلیہ کے پاس کیس لیکر جا رہے ہیں، انصاف کی توقع رکھتے ہیں، مشرف مارشل لا میں مجھے جیل میں ڈالا گیا لیکن اس طرح کے حالات کبھی نہیں دیکھے، افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے ہماری عدلیہ نے ہماری بنیادی حقوق کی حفاظت نہیں کی، ملک میں قانون کی حکمرانی کے لیے آپ کو کھڑا ہونا پڑے گا ، اگر عدلیہ کھڑی نہیں ہوئی تو یاد رکھیں کہ جسٹس منیر کو تاریخ نہیں بھولی، انہوں نے آئین و قانون کی جگہ طاقت ور کا ساتھ دیا جس کی ملک نے بھاری قیمت ادا کی۔

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن اوران کے اہلخانہ کو دھمکیاں دینے پر پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کو آج علی الصبح لاہور سے گرفتار کیا گیا تھا۔

https://www.youtube.com/watch?v=uA3nS0Z-FgA

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں