عمران خان جیل بھرو تحریک شروع کریں، انہیں سوائے ایک چیز کے سب کچھ دیں گے: رانا ثنا
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان جیل بھرو تحریک شروع کریں، انہیں ان ہی سیلوں میں رکھیں گے جہاں انہوں نے اپوزیشن رہنماؤں کو رکھا تھا۔
ملتان میں مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا عمران خان کو جیل میں کھانے پینے کی ہر چیز دیں گے مگر وہ ایک چیز نہیں دیں گے جس کے بغیر عمران خان کا گزارا ممکن نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا ہم الیکشن سے نہیں ڈرتے، الیکشن جیت کر ہم آئندہ حکومت بنائیں گے، ملک میں منہگائی ہے لیکن سوال یہ ہے کہ ملک آج اس حالت میں کیسےپہنچا؟ 1999 میں ایٹمی قوت بننے کے بعد پاکستان ایشین ٹائیگر بننے جا رہا تھا، پاکستان معاشی طور پر مضبوط تھا، ہمارا مستقبل اس میں تھا کہ ہم ایٹمی دھماکے کریں، پاکستان ایٹمی قوت اس دن بنا جس دن ایٹمی دھماکے ہوئے، آج پاکستان موجود اور قائم ہے تو اس کی وجہ ایٹمی قوت ہے۔
ان کا کہنا تھا 1999 میں پاکستان بحران میں تھا لیکن نواز شریف نے ملک کو بحران سے نکالا، دہشتگردی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ نوازشریف نے کیا۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا تم جیل بھرو تحریک شروع کرو، تمہارا علاج میں کروں گا، 25 مئی کو تم نے اسلام آباد لاک کرنے آنا تھا، تمہارے ساتھ جو ہوا وہ تمہیں یاد ہونا چاہیے، 26 نومبر کو جو تمہارے ساتھ ہوا وہ یاد ہونا چاہیے۔