Site icon FS Media Network | Latest live Breaking News updates today in Urdu

اللہ کریم نے ارشاد فرمایا کہ پاک ہے وہ ذات جس نے اپنے بندہِ خاص کو سیر کروائی رات کے مختصر حصے میں ،پیر محمد حسان حسیب الرحمن

اللہ کریم نے ارشاد فرمایا کہ پاک ہے وہ ذات جس نے اپنے بندہِ خاص کو سیر کروائی رات کے مختصر حصے میں ،پیر محمد حسان حسیب الرحمن

راولپنڈی ( سٹی رپورٹر ) بر صغیر پاک و ہند کی عظیم روحانی خانقاہ حضرت داتا گنج بخش ؒ کے مزار پر انوار لاہور میں معراج النبی ﷺ کے عظیم یوم مبارک پر ایک عظیم الشان محفلِ معراج النبی ﷺ منعقد ہوئی جس کی صدارت عید گاہ شریف راولپنڈی کے سجادہ نشین پیر محمد نقیب الرحمن نے کی اور جس میں مہمانِ خصوصی گورنر سندھ کامران ٹیسوری تھے جبکہ محفل کی میزبانی کے فرائض ڈائریکٹر جنرل محکمہ اوقاف پنجاب سید طاہر رضا بخاری اور صوبائی خطیب جامع مسجد حضرت داتا گنج ؒ مفتی محمد رمضان سیالوی نے سر انجام دیے

۔ اس محفل میں وفاقی وزیر فیصل کریم کنڈی اور ممتاز سماجی و کاروباری شخصیت شہباز ظہیر نے بھی شرکت کی۔ عظیم الشان معراج النبی ﷺ کی محفل میں کثیر تعداد میں علمائے کرام، نعت خوانانِ عظام جن میں محمد عامر فیاضی و دیگر اور کثیر تعداد میں عوام الناس نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے حضور نبی کریم ﷺ کے اس عظیم معجزہ معراج النبی ﷺ بیان کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کریم نے ارشاد فرمایا کہ پاک ہے وہ ذات جس نے اپنے بندہِ خاص کو سیر کروائی رات کے مختصر حصے میں ، غور طلب بات ہے کہ لفظ عبد جسم اور روح کے مرکب کو کہتے ہیں

اگر روح نکال دی جائے تو وہ خالی جسم ہے اور اگر جسم نکال دیا جائے تو وہ خالی روح ہے لیکن قرآنِ کریم میں واقعہ معراج کوبیان فرماتے ہوئے ربِ رحمن نے رہتی دنیا تک آنے والی انسانیت کو پیغام ارشاد فرمایا کہ پاک ہے وہ اللہ کہ جس نے اپنے بندہِ خاص ﷺ کو جسم اور روح کے ساتھ معراج عطا فرمائی۔ حضور نبی رحمت ﷺ کا سفرِ معراج شریف عظمت و رفعت اورمعجزات و امتیازات کی ایک ایسی شاندار داستان ہے

جو جمیع انبیاء و رسل علیہ السلام میں سے کسی اور کے حصے میں نہیں آئی ہے۔ واقعہ معراج النبی ﷺ کو جس زاویے اور جس پہلو سے بھی دیکھیں تو مسلمانانِ عالم کے سر نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ دربارِ رسالت مآب ﷺ میں جھکتے چلے جاتے ہیں۔ حضور نبی کریم ﷺ کا مسجدِ اقصیٰ میں تمام انبیاء و رسل کی امامت فرمانا شانِ بشریت کی معراج ہے، سدرۃ المنتہیٰ کے مقام سے نعلین شریفین کے ہمراہ آگے تشریف لے جانا شانِ نورانیت کی معراج ہے اور آپ ﷺ کا لا مکان تک تشریف لے جانا اور اللہ کریم کے اتنے قرب میں پہنچنا کہ جیسے دو کمانوں یا اس سے بھی کم فاصلے تک پہنچنا حقیقتِ محمدی ﷺ کی معراج ہے

جو آج تک نہ کوئی سمجھ سکا اور نہ ہی قیامت تک سمجھ سکے گا۔ آج بھی امتِ مسلمہ اگر اپنے کرم آقا ﷺ کے ساتھ اپنا رشتہ، اپنا تعلق اور اپنی نسبت مضبوط سے مضبوط تر کر ے اور حقیقی معنوں میں وفار دار و نمک حلال ہو جائے تو کوئی وجہ نہیں کہ دین و دنیا میں یقینی کامیابی اس کا مقدر بن جائے گی۔اس عظیم الشان محفلِ معراج النبی ﷺ سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ وہ یہاں پر گورنر کی حیثیت سے نہیں بلکہ داتا صاحب کے سوالی اور فقیر بن کر حاضر ہوئے ہیں۔ اس عظیم ترین سفرِ مبارک و معراج شریف میں حضور نبی کریم ﷺ کا اپنی امت کو یاد رکھنا مسلمانانِ عالم کے لئے ایک ایسا عظیم اثاثہ ہے

جو قیامت تک ہمارے ایمانوں کو حرارت و تقویت بخشتا رہے گا اور مسلمانانِ عالم غلامیِ مصطفیٰ ﷺ پر فخر کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ معراج النبی ﷺ جیسا عظیم معجزہ صرف اور صرف ہمارے آقا و مولا ﷺ کو عطا ہوا اور آپ ﷺ کی غلامی و امت ہونے کے شرف پر جتنا بھی ناز کیا جائے وہ کم ہے۔

اس عظیم الشان معراج النبی ﷺ محفل کا اختتام رات گئے درود وسلام کے بعد پیر محمد نقیب الرحمن کی وطن ِ عزیز کی سلامتی خوشحالی ترقی ،افواجِ پاکستان کی سربلندی اور اتحاد بین المسلمین کے لئے خصوصی دعا پر ہوا۔

Exit mobile version