Site icon FS Media Network | Latest live Breaking News updates today in Urdu

محکمہ انہار شیخوپورہ کی مبینہ ساز باز اور غفلت کا بھانڈا پھوٹ گیا

محکمہ انہار شیخوپورہ کی مبینہ ساز باز اور غفلت کا بھانڈا پھوٹ گیا

شیخوپورہ(بیورورپورٹ)

محکمہ انہار شیخوپورہ کی مبینہ ساز باز اور غفلت عیاں ہوگئی- محکمہ انہار شیخوپورہ کے افسران کی مبینہ ملی بھگت کا انکشاف- اصل حقدار کو 40 سال تک نہر کے پانی سے محروم رکھا، بارہا درخواستیں دینے پر بھی شنوائی نہ ہوسکی، محتسب اعلیٰ کے فیصلوں کو بھی ہوا میں اڑادیا گیا- ذرائع کے مطابق محکمہ نہر اپر گوگیرہ ڈویژن، لوئرچناب کینال کے متعلقہ افسران اور عملہ نے ڈھٹائی کی انتہا کردی-

تفصیلات کے مطابق محمد شعیب مان، سلطان محمود مان، فیصل مان اور خرم مان جن کی ذرعی زمینوں کو سرکاری پانی میسر نہ آیا تو متعلقہ محکمہ میں ایکسئین اپر گوگیرہ ڈویژن ضلع شیخوپورہ کو شکایات کے لئے بارہا رجوع کرنے اور بارہا چکر لگانے کے باوجود جب شنوائی نہ ہوسکی اور تحریری درخواست پر عملدرآمد نہ ہوسکا تو مورخہ 19 دسمبر 2022 کو صوبائی محتسب پنجاب میں تحریری درخواست کے ذریعے رجوع کیا

اور وارہ بندی کے مطابق نہری پانی دلوائے جانے کی استدعا کی گئی اور موقف اختیار کیا گیا کہ ان کے رقبہ کو گذشتہ 40 سالوں سے پانی نہیں ملا، مذکورہ راجباہ میں پانی رواں دواں ہے مگر سائل کو وارہ بندی کے مطابق پانی نہیں مل رہا ہے، متعدد بار ایکسئین گوگیرہ سرکل لوئرچناب کینال شیخوپورہ کو درخواست گذاری مگر کوئی کاروائی عمل میں نہ لائی گئی، استدعا کی گئی کہ سائل کو وارہ بندی کے مطابق پانی فراہم کیا جائے-

مدعی کی استدعا کے نتیجے میں صوبائی محتسب پنحاب نے رپورٹ مانگی جس میں ریکارڈ پیش کیا گیا اور تسلیم کیا گیا کہ عرصہ 30 سال سے پانی نہ لگ رہا ہے اور اب نئی راجباہ حیات ڈسٹری منظور ہوگئی ہے، مذکورہ راجباہ کے موگہ داران پانی لگارہے ہیں، اگر سائل 30 یوم کے اندر اسکی جدید وارہ بندی بنادی جائے گی، مزید سماعت کے بعد صوبائی محتسب پنجاب نے نتائج اخذ کئے کہ درخواست دہندہ کو بمطابق وارہ بندی پانی فراہم نہ کیا جارہا ہے لہٰذا ایگزیکٹو انجینئر اپر گوگیرہ لوئر چناب کینال شیخوپورہ کو صوبائی محتسب پنجاب ایکٹ مجریہ 1997ء کی دفعہ 11 کے تحت ہدایت کی جاتی ہے

کہ درخواست دہندہ کو وارا بندی کے مطابق اس کا قانونی حق دیا جائے اور پانی چوروں اور ملی بھگت کرنے والے اہلکار ان کا تعین کرکے ان کے خلاف انضباطی کارروائی کی جائے مزیدبرآں پانی چوروں کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی جائیں تاکہ تمام ذمہ داروں کو ان کے حق کے مطابق کھیتوں کو سیراب کرنے کے لیے پانی میسر ہو سکے، محکمہ مذکورہ کی طرف سے کی گئی کارروائی اندر 30 ایام دفتر ہذا کو بھجوائی جائے-

مذکورہ واضع ہدایات کے باوجود محکمہ انہار شیخوپورہ میں متعلقہ افسران و عملہ فیصلہ پر عملدرآمد کرنے کی بجائے مدعی کو بار بار چکر لگوانے اور مبینہ رشوت پر مجبور کررہے ہیں، مدعی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب و دیگر اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لیتے ہوئے دادرسی کا مطالبہ کیا ہے، مزید یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس معاملے میں مبینہ غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کاروائی بھی عمل میں لائی جائے

Exit mobile version