کمشنر لاہور کی سربراہی میں 3 رکنی ٹیم کی عمران خان سے ملاقات، تلاشی کیلئے ٹی او آرز پر گفتگو
کمشنر لاہور کی سربراہی میں 3 رکنی ٹیم کی عمران خان سے ملاقات، تلاشی کیلئے ٹی او آرز پر گفتگو
لاہور: کمشنر لاہور کی سربراہی میں قائم تین رکنی ٹیم نے زمان پارک میں عمران خان سے ان کے گھر میں ملاقات کی اور تلاشی کے حوالے سے ضابطہ کار (ٹی او آرز) پر بات چیت کی گئی۔
عمران خان اپنی رہائشگاہ میں موجود ہیں جبکہ میڈیا کے نمائندے اور وکلا باہر موجود ہیں۔
کمشنر کی سربراہی میں ٹیم نے عمران خان سے ملاقات کی اور تلاشی کے حوالے سے ٹی او آرز پر گفتگو کی۔ عمران خان کی لیگل ٹیم اور کمشنر کی ٹیم کے درمیان ٹی او آرز طے ہونے کے بعد پولیس عمران خان کے گھر کی تلاشی لے گی۔
پولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گھر کی تلاش کے لیے سرچ وارنٹ حاصل کیے ہیں۔ عمران خان کےگھرکاسرچ وارنٹ اے ٹی سی جج عبہرگل خان نے گزشتہ روز جاری کیا تھا۔
پولیس نے عمران خان کےگھر کے باہر اور اندر اہلکار تعینات کردیے ہیں۔
خیال رہے کہ دوروز قبل نگران وزیر اطلاعات عامر میر نے عمران خان کو زمان پارک میں موجود افراد کو پولیس کے حوالے کرنے کے لیے 24 گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا تھا کہ لاہور میں عسکری تنصیبات پر حملہ کرنے والے 30 سے 40 افراد زمان پارک میں عمران خان کی رہائش گاہ میں پناہ لیے ہوئے ہیں اور اگر آئندہ 24 گھنٹے میں انہیں پولیس کے حوالے نہیں کیا گیا تو کارروائی ہوگی۔