لاہور: پرویز الہیٰ کی گرفتاری کیلئے پولیس کی ان کےگھر کی تلاشی
لاہور: پرویز الہیٰ کی گرفتاری کیلئے پولیس کی ان کےگھر کی تلاشی
اینٹی کرپشن کورٹ نے آج پرویز الہیٰ کی عبوری ضمانت خارج کردی تھی۔
عبوری ضمانت خارج ہونے کے بعد پولیس کی بھاری نفری پرویز الہیٰ کی گلبرگ میں واقع ان کی رہائش گاہ پہنچ گئی، پولیس کے ہمراہ اینٹی کرپشن کی ٹیم بھی موجود تھی۔
پرویز الہیٰ کےگھر کے اطراف ظہور الہیٰ روڈ ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا،ظہور الہیٰ روڈ سے ملحقہ گلیاں بھی بندکردی گئیں۔
چوہدری پرویزالہیٰ کے ترجمان اقبال چوہدری کا کہنا تھا کہ چوہدری پرویز الہیٰ گھر پر موجود نہیں ، اس وقت گھر میں صرف چوہدری پرویز الہیٰ کی فیملی ہے، پولیس سرچ وارنٹ دکھائے تو گھرکی تلاشی لینے دیں گے۔
وکیل پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ 2 مئی تک جتنے مقدمات ہوئے ان میں پرویز الہیٰ کی ضمانت کے آرڈر موجود ہیں۔
دوسری جانب اینٹی کرپشن حکام کا کہنا تھا کہ موبائل لوکیشن کے مطابق پرویز الہیٰ گھر میں ہی موجود ہیں۔
تھوڑی دیر بعد پولیس اور اینٹی کرپشن کے اہلکار پرویز الہیٰ کے گھر داخل ہوگئے، ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ فردکو سرچ وارنٹ دکھائیں گے، ایس ایس پی صہیب اشرف اور ایس پی عمارہ شیرازی سمیت ڈائریکٹر اینٹی کرپشن عمران احمر بھی اہلکاروں کے ساتھ تھے۔
اس موقع پر کسی بھی قسم کی مزاحمت دیکھنے میں نہیں آئی، گھر کی تلاشی کے بعد پولیس اور اینٹی کرپشن کی ٹیم واپس روانہ ہوگئی۔ پرویز الہیٰ گھر پر موجود نہ تھے۔
خیال رہےکہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ کے خلاف ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن کا کیس ہے۔