ضلعی انتظامیہ اور محکمہ پولیس شیخوپورہ کے زیر اہتمام یوم تکریم شہداء پاکستان کے سلسلہ میں ریلی کا انعقاد
شیخوپورہ(بیورورپورٹ)ضلعی انتظامیہ اور محکمہ پولیس شیخوپورہ کے زیر اہتمام یوم تکریم شہداء پاکستان کے سلسلہ میں ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر سرمد تیمور اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ذاہد نواز مروت نے کی۔ تکریم شہداء ریلی دل چوک سے شروع ہوکر جہاز چوک ، جناح پارک میں اختتام پذیر ہوئی۔
ریلی میں شہداء پاکستان سے اپنی عقیدت اور والہانہ محبت کا اظہار کرنے کے لۓ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ پولیس کے افسران ، سماجی شخصیات ، طلباء و طالبات اور سول سوسائٹی نے بھرپور تعداد میں شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر سرمد تیمور ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر زاہد نواز مروت ، ضلعی انتظامیہ و محکمہ پولیس کے افسران اور ریلی کے شرکاء نے پاک فوج ، پاکستان نیوی ، پاکستان بحریہ ، پولیس اور پاکستان کی سالمیت اور خودداری کے لۓ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء پاکستان کی یاد میں شمعیں روشن کیں۔
شہداء کی بلندی درجات اور وطن عزیز کی تا قیامت سالمیت کے لیے خصوصی طور پر دعا کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر سرمد تیمور نے تکریمِ شہداء ریلی کے موقع پر بات چیت کرتے ہوۓ کہا کہ شہدائے پاکستان کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں ، جنہوں نے وطن کی سالمیت کو اپنی جانوں پر ترجیح دی اور جانوں کا نذرانہ پیش کرکے ہمارا سر سبز ہلالی پرچم کو فخر سے بلند کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج ملک کے دفاع کا واحد ذریعہ ہیں۔
پوری قوم کو افواج پاکستان پر فخر ہونا چاہیے خواہ وہ غازی ہے یا شہید اور ہمیں کوشش کرنی چاہیے کہ ان کی قربانیاں کسی صورت رائیگاں نہ جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہم آزادی کی نعمت سے مالامال ہیں اور یہ سب ہمارے جوانوں اور شہداء کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر زاہد نواز مروت نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا فرض ہے کہ ہم شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھیں اور ملک کے لیے جتنا کر سکتے ہیں
ضرور کریں کیونکہ ہمارے جوانوں کی قربانیوں سے یہ ملک معرض وجود میں آیا اور سلامت ہے۔ ڈی پی او نے کہا کہ ہمیں متحد رہنا چاہیے اور شہداء کی عزت کرنی چاہیے اور ملک کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے کیونکہ شہید کبھی مرتا نہیں اور ہمارا مذہب شہیدوں کا احترام کرنا سکھاتا ہے